Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیمار جونیئر کھلاڑی اور اداکار ایک ساتھ!

ماسکو:برازیل کے اسٹار فٹبالر نیمار جونیئر کو تماشائی ان کے کھیل کی بجائے گراونڈ میں ان کی"اداکاری" کی وجہ سے زیادہ پسند کرنے لگے ہیں۔ بیشتر افراد تو نیمار کو 2019 کے آسکر ایوارڈز کے لئے بہترین امیدوار بھی قرار دینے والے ہیں اور یہ فٹبالر کسی بھی میچ میں اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کررہے۔کوسٹا ریکار کے خلاف فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں انہوں نے مخالف ٹیم کے گول پوسٹ کے پاس گرنے کا ایسا شاندار مظاہرہ کیا کہ ریفری نے پنالٹی کک دے دی مگر نئے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری سسٹم میں برازیلین کھلاڑی کی چالاکی پکڑی گئی اور پنالٹی واپس لے لی گئی۔اس کے بعد ٹوئٹر میں نیمار کو بہترین اداکار قرار دیتے ہوئے متعدد اینیمیٹڈ تصاویر شیئر کی گئیں۔سربیا کے خلاف میچ میں بھی نیمار کی ایک اور پرفارمنس نے سوشل میڈیا کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔میچ کے 32 ویں منٹ میں سربیا کے کھلاڑی کی جانب سے نیمار کو روکا گیا تو انہوں نے زمین پر بہت دور تک گھومتے چلے جانے کا ایسا مظاہرہ کیا کہ سب دنگ رہ گئے اور ریفری بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اورسربیا کے کھلاڑی کو پیلا کارڈ دکھا دیا گیا۔ میکسیکو کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ میں بھی جب 71 ویں منٹ میں میکسیکن کھلاڑی میگوئل لیون نے نیمار کو سائیڈ لائن کے قریب گرایا۔ نیمار گھاس پر لیٹے ہوئے تھے، میگوئل وہاں آئے اور گیند کو اٹھاتے ہوئے اپنا پاوں نیمار کے ٹخنے پر رکھ دیا۔یقیناً یہ کوئی اچھا اقدام نہیں تھا مگر نیمار کے ردعمل نے ڈرامے کو ایک نئی بلندی پر پہنچا دیا۔وہ مچھلی کی طرح ٹرپتے رہے مگر وہ کتنی بری طرح زخمی ہوئے؟ اتنی بری طرح کہ چند منٹ بعد برق رفتاری سے دوڑتے ہوئے برازیل کے دوسرے گول کی راہ ہموار کی جو کہ یقیناً میجک اسپرے کا ہی جادو ہوگا۔اس واقعے کے بعد بھی نیمار کی اس طرح کی پرفارمنس پر ایک بار پھر ٹوئٹر میں برازیلین اسٹار کا مذاق اڑایا جانے لگا۔اچھی بات یہ ہے یہ برازیل ابھی کم از کم ایک اور میچ کھیلے گی اور ہوسکتا ہے کہ نیمار کی اس طرح کی "کلاسیک"پرفارمنس کا مظاہرہ ایک بار پھر دیکھنے میں آئے۔

شیئر: