العلا کے دلکش آسمان اور چٹانی ساختیں سیاحوں اور فوٹوگرافرز کے لیے باعثِ کشش
العلا کے مختلف مقامات سعودی عرب اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا کے آسمان اور چٹانی ساختیں قدرت کے دلکش مناظر پیش کرتی ہیں جو سیاحوں اور فلکیاتی سیاحت کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق، یہاں کے متنوع قدرتی مناظر ستاروں بھری رات کے آسمان سے گھل مل کر ایک منفرد منظر پیش کرتے ہیں جو سیاحوں کو قدرتی حسن سے محظوظ ہونے کے ساتھ ساتھ اجرامِ فلکی کے مشاہدے اور فلکیاتی فوٹوگرافی کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
یہ مناظر رات ڈھلنے کے بعد اور مصنوعی روشنی سے دور علاقوں میں خاص طور پر دلکش نظر آتے ہیں جہاں منفرد چٹانی ساختیں کہکشاؤں، ستاروں اور اجرامِ فلکی کی حرکت کی عکس بندی کے لیے خوبصورت پس منظر فراہم کرتی ہیں۔
العلا کے مختلف مقامات سعودی عرب اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں، ستاروں کا مشاہدہ کرنے والوں اور رات کے وقت فوٹوگرافی کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ وسیع افق، متنوع قدرتی خطہ اور کھلے صحرائی مناظر یہاں کی خاص کشش ہیں۔
غرامیل نیچر ریزرو ان نمایاں مقامات میں شامل ہے جہاں چٹانی ساختیں رات کے آسمان سے ہم آہنگ ہوکر ایک منفرد منظر پیش کرتی ہیں۔ یہاں سیاح دلکش صحرائی ماحول میں ستاروں کا مشاہدہ اور فلکیاتی فوٹوگرافی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔