Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرناٹک بجٹ :کسانوں کو قرض معافی کا تحفہ،بجلی اور پٹرول قیمتوں میں اضافہ

    بنگلور - --  -کئی دنوں سے رسہ کشی کے بعد کرناٹک میں  کانگریس اور جنتا دل (سیکولر) کے اتحاد سے قائم حکومت کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے اسمبلی میں 2018-19کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کسانوں کا قرض معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس اور جے ڈی ایس نے اپنے منشورمیں واضح کیاتھا کہ کرناٹک کے ہر کسان کے 2 لاکھ روپے معاف کئے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کسانوں کے لئے 34000 کروڑ روپے کی قرض معافی کا اعلان کیا۔ 31 دسمبر 2017 تک حاصل کئے گئے قرضے معاف کئے جائیں گے اوریہ قرض معافی کا پہلا مرحلہ ہے۔اس سے 25ہزار کسانوں کو فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی سابقہ حکومت کی تمام فلاحی اسکیمیں جاری رکھی جائیں گی۔بنگلورو میں پیریفیرل رنگ روڈ  11950 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائیگا۔بنگلورو جھیل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے 50 کروڑ روپے کا فنڈ جاری کیاگیا۔بیلگاوی، گلبرگی اور میسور میں سپر اسپیشلٹی اسپتال کھولے جائیں گے جہاں ہارٹ، کینسر اور دیگر بیماریوں کے علاج کی سہولت مہیا ہوگی۔گدگ، کوپّل، چامراج نگر اور ہاسن ضلع میں 450 بسترو ں پر مشتمل اسپتال قائم کیا جائیگا۔اس منصوبے پر 200 کروڑ روپے خرچ ہونگے۔بجلی کے نرخ میں فی یونٹ 20پیسے کا اضافہ کیا گیا جبکہ ڈیز ل کی قیمت میں 1.20 روپے فی لیٹر  اور پٹرول کے قیمت میں 1.15 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں:- - - - -پاسپورٹ افسر نے حد پارکی ، وزارت خارجہ

شیئر: