Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان میں آپریشن ’ردالفتنہ 1‘ مکمل، 216 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق ’دہشت گردوں کے قبضے سے غیرملکی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آپریشن ’ردالفتنہ 1‘ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جس میں مجموعی طور پر 216 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔‘
جمعرات کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’29 جنوری کو پنجگور اور ہرنائی سے آپریشن کا آغاز کیا گیا اور اس دوران 41 دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا۔‘
’دہشت گردوں کے بُزدلانہ حملوں میں 36 معصوم شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ وطن کی خاطر لڑتے ہوئے 22 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپریشن کے دوران انڈین سرپرستی میں چلنے والے نیٹ ورکس کے خلاف ٹھوس شواہد ملے ہیں۔‘
’انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشنز میں دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا گیا اور اُن کے قبضے سے غیرملکی اسلحہ، گولہ بارود اور آلات برآمد ہوئے ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’آپریشن ’ردالفتنہ 1‘ کے دوران دہشت گردوں کے سلیپر سیلز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا۔‘
’دہشت گردوں کو سرحد پار سے مالی اور لاجسٹک مدد فراہم کی جا رہی تھی، نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔‘
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’شہدا کی قربانیاں پاکستان کی علاقائی سالمیت اور تحفظ کی ضمانت ہیں، قوم شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور اُن کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
’بلوچستان کے عوام نے تشدد پر اتحاد کو ترجیح دی، پاک فوج پر قیمت پر شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی۔‘
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آپریشن ’ردالفتنہ 1‘ پاک فوج کے غیرمتزلزل عزم کا عکاس ہے، بلوچستان کو غیرمستحکم کرنے کی کوششیں ناکام بنا دی گئی ہیں۔‘

 

شیئر: