فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ کوئٹہ، ’کسی بھی دہشت گرد اور سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ کوئٹہ، ’کسی بھی دہشت گرد اور سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا‘
جمعرات 5 فروری 2026 7:34
پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ’کسی بھی دہشتگرد، سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا، کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشتگردی کو جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔‘
بدھ کو پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور آپریشنز کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈمارشل عاصم منیر کو ’حالیہ دہشت گرد حملوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جو انڈیا کے حمایت یافتہ، عالمی سطح پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے عناصر کی جانب سے کیے گئے تھے۔‘
بریفنگ میں ’سکیورٹی فورسز کے بروقت اور جارحانہ ردِعمل سے بھی آگاہ کیا گیا جس کے نتیجے میں امن، استحکام اور بلوچستان کی ترقی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششیں ناکام بنا دی گئیں۔‘
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی جواز کے تحت تشدد اور دہشتگردی کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جوانوں نے ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنایا اور امن قائم رکھا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا (فوٹو: آئی ایس پی آر)
ان کا کہنا تھا کہ ’کسی بھی دہشتگرد، سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا، سب کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔‘
فیلڈ مارشل نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرأت اور قربانیوں کو سراہا جنہوں نے پاکستان مخالف مذموم عزائم کو ناکام بنانے اور امن و امان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی۔