Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری، اسکول اورکالج بند، نظام زندگی مفلوج

ممبئی ۔۔۔۔ مانسون کی آمد کے بعد ممبئی میں گزشتہ 2دنوں سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے نشیبی علاقے بارش کے پانی میں ڈوب گئے ۔ سڑکوں اور انڈر پاس سے لیکر کمپلیکس کے احاطوں میں پانی جمع ہوگیا ۔ ریلوے پٹریاں پانی میں ڈوب گئیں، ممبئی کی دھڑکن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کی رفتار سست ہوگئی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر تعلیم نے اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔
شدیدبارش کی وجہ سے  متعدد علاقوں کی سڑکوںپر پانی جمع ہونے سے ٹریفک اژدہام پیدا ہوگیا جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا۔ ممبئی میں ایک موٹر سائیکل سوارگڑھے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوگیا اوربائیک پر پیچھے بیٹھی ہوئی عورت نیچے گرگئی اور بس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کی صبح کولابا میں 170.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو اس موسم میں سب سے زیادہ ہوئی۔ محکمہ نے آج شام کو موسلا دھاربارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ۔ اس کا سلسلہ آئندہ 24سے 48گھنٹوں تک بڑھ سکتا ہے۔مغربی ریلوے نے دادر ،ماٹنگا، گورے گاؤں اور دیگر ریلوے اسٹیشنوں پر ریلوے پٹریوں سے پانی ہٹانے کیلئے دیوہیکل نکاسی آب کے پمپ نصب کرکے پانی نکالنے کا کام شروع کردیا۔
مزید پڑھیں:- - - -باغپت جیل میں مافیا ڈان منا بجرنگی کا قتل،جیلر معطل

شیئر: