Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم بُنکر کی بیٹی بہت جلد پہلی کمرشیل پائلٹ بن جائیگی

مالیگاؤں۔۔۔۔۔۔ مہاراشٹرکی مسلم بُنکر کی بیٹی بہت جلد مالیگاؤں کی پہلی کمرشیل پائلٹ بن جائیگی۔ اس محنتی اور جانباز لڑکی کا نام عالیہ تبسم ہے جس کا ارادہ بچپن سے ہی پائلٹ بننے کا تھا۔ ایک بار ممبئی ائیر پورٹ پر اس کے والد کے ساتھ بدسلوکی ہوئی تو پائلٹ بننے کے اس کے جذبہ نے جنون کی شکل اختیار کر لی۔عالیہ کے والد کا نام شفیق احمد ہے جو بلو براڈ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ خاندان شمالی مہاراشٹر میں کپڑے کی صنعت میں ایک مقام رکھتا ہے۔ عالیہ نے اسی سال مدھیہ پردیش فلائنگ کلب (ایم پی ایف سی) سے اسٹوڈنٹ پائلٹ کا لائسنس حاصل کیا ہے اور اس وقت وہ کیپٹن ساحل کھرانہ ایویشن اکیڈمی نئی دہلی سے کمرشیل پائلٹ  کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ابتدا میں مدھیہ پردیش کے اندور واقع فلائنگ کلب سے تربیت حاصل کرنے والی عالیہ نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایا کہ ان کے آبا و اجداد اتر پردیش سے مہاراشٹر منتقل ہوئے تھے اور یہاں اپنے کاروبار کو فروغ دیا۔ممبئی ائیر پورٹ پرہونیوالی  بدسلوکی کے بارے میں محمد شفیق نے بتایا کہ  اپنی اہلیہ کے ساتھ 2005 میں حج کے لیے جا رہا تھا اور ممبئی ائیر پورٹ پہنچنے میں تاخیر ہو گئی۔ چونکہ امیگریشن عملہ اپنا کام ختم کر چکا تھا اس لیے منت سماجت کے باوجود ان لوگوں نے ہمیں بورڈنگ کارڈ جاری نہیں کیا  ۔طیارے کا  پائلٹ اپنے عملے کے ساتھ ڈسک کی طرف جارہے تھے ،انہوں نے ہمیں پریشان حال دیکھا تو پیپرز دیکھنے کے بعد ہوائی جہاز میں سفرکی اجازت دینے کیلئے ایئرپورٹ حکام سے کہا۔ اس طرح فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سفر آسان ہو سکا۔محمد شفیق کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے بعد عالیہ نے عزم کیا کہ وہ بھی پائلٹ بنے گی۔ عالیہ نے اپنا پہلا سمسٹر امتحان کامیابی کے ساتھ پاس کر لیا ہے اور اب وہ اپنے فائنل امتحان کی تیاری میں مصروف ہے جو نومبر 2018 میں ہوگا۔ اس امتحان کے بعدوہ مالیگاؤں کی پہلی کمرشیل پائلٹ بننے کا اعزاز حاصل کرلےگی۔ اپنی بیٹی کو کامیابی کی طرف گامزن ہوتا دیکھ کر  محمد شفیق نے کہا کہ بلو براڈ فیملی نے مالیگاؤں شہر کو پہلا مسلم ایم بی بی ایس ڈاکٹر بھی دیا ہے اور اب ان کی بیٹی یہاں سے پہلی کمرشیل پائلٹ بن جائیگی۔ میری خواہش ہے کہ قوم کے بچے تعلیم حاصل کرکے ملک کا نام روشن کریں۔
مزید پڑھیں: - - - -ایمبولینس نہ ملنے پر خاتون کو کندھے پر اسپتال پہنچایا گیا

شیئر: