Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں فوڈ ٹرکس کو منظم کرنے کے لیے بلدیہ کے اقدامات

فوڈ ٹرک سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے جامع سروے کیا جارہا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
جدہ میں فوڈ ٹرک کے بڑھتے ہوئے رجحان کو دیکھتے ہوئے بلدیہ کی جانب سے جامع سسٹم تیار کرنے کے لیے نئے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔
بلدیہ کی جانب سے اس حوالے جامع سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کا مقصد شہری مقامات کی خوبصورتی کو برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کی معاشی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق شہروں میں بڑھتے ہوئے فوڈ ٹرکس کے رجحان کو منظم بنانے کے لیے کیے جانے والے سروے میں مختلف شہری علاقوں کے رہائشیوں ، دکانداروں ، سپلائرز اور صارفین کی آراء کو شامل کیا جائے گا، تاکہ منظم و بہتر انداز میں اس سرگرمی کوجاری رکھنے کے لیے ضوابط مقرر کیے جائیں۔
بلدیہ کی ٹیموں نے مختلف مقامات پر موجود فوڈ ٹرکس ، وہاں رہنے والے اور صارفین سے ان کی رائے معلوم کرنے کے لیے رضاکاروں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔
یہ اقدام فوڈ ٹرک کی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ علاقے کے رہائشیوں اور وہاں آنے والے صارفین کے خیالات کو یکجا کرکے جامع نتائج حاصل کرتے ہوئے ایسا لائحہ عمل مرتب کیا جائے کہ لوگوں کی معاشی ضروریات کو بھی پورا کیا جائے اور علاقے میں رہنے والوں کو بھی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شیئر: