Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالوں کی قدرتی چمک برقرار رکھنے کے اصول‎

احتیاط علاج سے بہتر  ہے سو بالوں کی حفاظت کے معاملے میں بالوں کو گرنے سے روکنا پہلا اصول ہے اور اس سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ بالوں کے لیے اچھے اور معیاری شیمپو اور کنڈیشنر کا انتخاب سب سے زیادہ اہم ہے ۔ ہمیشہ ایسی پراڈکٹس کا انتخاب کریں جو آپ کے بالوں کی ساخت کے لحاظ سے موضوع ہوں جبکہ تیز شیمپو اور الکوحل آمیز پروڈکٹس کو بالوں پر استعمال کرنے سے گریز کریں ۔ 
بالوں کو ہمیشہ نرمی اور آہستگی کے ساتھ برش کریں ۔ اور اگر آپ کے بال کمزور ہیں اور جلدی الجھ جاتے ہیں تو پہلے سروں کی جانب سے سلجھائیں اور پھر جڑوں سے سروں تک نرمی سے سلجھائیں ۔ بالوں کو خشک کرنے کے لیے تولئے سے رگڑنے کے بجائے صرف تھپتھپا کر خشک کریں ۔ اگر بالوں کو بلو ڈرائی کرنا ہو تو ہیر ڈرائیر کو کول کے آپشن پر رکھیں کیونکہ گیلے بالوں پر براہ راست تیز گرم ہوا انہیں روکھا اور کمزور کردیتی ہے ۔ اس کے علاوہ بالوں کو آئرن کرتے وقت کوئی حفاظتی سیرم ضرور استعمال کریں ۔ 
بالوں کی دھوپ سے حفاظت بھی اسی طرح لازم ہے جیسے اپنی جلد کی حفاظت کرتے ہیں۔ لہذا دھوپ میں نکلتے وقت بالوں کو اسکارف یا دوپٹے سے ڈھانپ لیں ۔ اس کے علاوہ بالوں کو بہت زیادہ سختی سے باندھنے یا کھینج کر کوئی ہیئر اسٹائل بنانے سے بھی اجتناب کریں اس سے بالوں کی جڑیں کمزور ہو جاتی ہیں اور بال ٹوٹنے کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ ہیئر بینڈ اور کلپ اتارتے وقت بال ان کے ساتھ کھنچ کر ٹوٹ جاتے ہیں لہذا بال باندھے اور کھولتے وقت احتیاط سے کام لیں ۔ بالوں میں وقتاً فوقتاً تیل اور ہیئر ماسک کا استعمال جاری رکھیں اور بالوں کے لیے ہمیشہ معیاری پروڈکٹس ہی استعمال کریں ۔ ان چھوٹی چھوٹی حفاظتی تدابیر کو اختیار کرکے اپنے بالوں کو کمزور ، روکھا اور خراب ہونے سے محفوظ رکھ سکیں . 
 

شیئر: