Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران سے ملاقات کسی عہدے کا حصول نہیں، وقار یونس

اسلام آباد:پاکستانی ٹیم کے سابق کوچ اور اپنے دور کے مایہ ناز فاسٹ بولر وقار یونس نے کہا ہے کہ عمران خان کو مبارکباد دینا اور ان سے ملاقات کا مقصد کسی عہدے کا حصول نہیں۔ انتخابات میں عمران خان کی کامیابی کے بعد و قار یونس ان سے ملنے سڈنی سے پاکستان آئے تھے۔ بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے گلہ کیا کہ کچھ لوگ یہ تاثر دے رہے ہیں کہ کرکٹرز اس لیے بنی گالہ جارہے ہیں کہ انھیں عہدوں کی ضرورت ہے اور وہ عمران خان سے کچھ لینا چاہتے ہیں۔ یہ سراسر غلط ہے،کرکٹرز کو عہدوں کی ضرورت نہیں ہے،ہم سب عمران خان کی ٹیم میں کھیلے ہیں، وہ ہمارے کپتان اور استاد رہ چکے ہیں، ان سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اسی ناطے یہ ہمارا فرض بنتا تھا کہ ہم ان سے ملاقات کر کے انھیں ان کی کامیابی پر مبارک باد دیں۔ یاد رہے کہ وقاریونس نے اپنے بین الاقوامی کریئر کی ابتدا کی تو ان کے پہلے کپتان عمران خان ہی تھے۔وقار یونس نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ عمران خان کرکٹ ٹیم کی طرح ملک کی قیادت بھی کامیابی کے ساتھ کرکے اسے مشکلات سے نکالیں گے۔جب وہ کرکٹ میں تھے تو انہوں نے اپنی محنت اور حوصلہ مندی سے خود کو ایک کامیاب آل راونڈر اور کپتان ثابت کیا اور اب وہ سیاست میں خود کو ایک ایماندار لیڈر ثابت کرچکے ہیں۔

شیئر: