Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

45،45لاکھ روپے میں بچہ فروخت کرنیوالا گروہ گرفتار

ممبئی۔۔۔۔ممبئی پولیس نے انٹر نیشنل چائلڈ اسمگلنگ ریکٹ کاسراغ لگا کر گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔ گجرات کا رہنے والا راجو بھائی (گملے والا )نے 2007ء سے بچوں کی اسمگلنگ کا سلسلہ شروع کیا۔ وہ اپنے امریکی گاہکوں سے فی بچہ 45لاکھ روپے لیا کرتا تھا۔ اب تک 300بچے فروخت کئے جاچکے ہیں۔ جن بچوں کو امریکہ بھیجا گیا ان کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا اس کا کوئی علم نہیں۔قبل ازیں گزشتہ ماہ گروہ کے چند افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ امریکہ روانہ کئے گئے ان بچوں کی عمریں 11سے 16سال کے درمیان ہیں۔ان میں سے زیادہ تر بچوں کا تعلق گجرات سے ہے۔معاملے کی تحقیقات کرنے والے پولیس کے اعلیٰ افسر نے بتایا کہ ایسے والدین اور خاندان کے افراد نے بچوں کو فروخت کیا جو ان کی پرورش اور دیکھ بھال سے قاصرتھے۔پولیس نے مزید بتایا کہ امریکی گاہکوں کی جانب سے اشارہ ملنے کے بعد گملے والا اپنے گروہ کے کارندوں کو متحرک کردیتا جو گجرات میں عموماًغریب خاندان کا پتہ لگاتے جو اپنے بچوں کو فروخت کرنے کیلئے تیار ہوتا اور ایسے خاندان کو تلاش کرتے جو اپنے بچوں کے پاسپورٹ کرائے پر دینے کیلئے آمادہ ہوتے تھے۔بعد ازاں گملے والا پاسپورٹ اور بچوں کی تصویر کا موازنہ کرتا ۔ جس بچے کی شکل پاسپورٹ میں لگی تصویر سے مشابہ ہو اور اس کا میک اپ وغیرہ اس انداز سے کرتے کہ ہو بہو پاسپورٹ والے بچے کی شکل وصورت نظر آنے لگتی۔ اس بچے کو امریکہ بھیجنے کیلئے چُن لیا جاتا اس کے بعد گروہ ایک شخص کے ساتھ امریکہ روانہ کردیتا۔ جب وہ شخص بچہ امریکہ پہنچا کر واپس ہندوستان آتا تو بچے کا پاسپورٹ ساتھ لے آتا اور گروہ کے افراد ادھار دینے والے کو پاسپورٹ لوٹا دیتے۔اس ریکٹ کا انکشاف اس وقت ہوا جب اداکارہ پریتی سود کے پاس فون آیا کہ 2بچوں کا میک اپ کرنا ہے ۔ پریتی نے بتایا کہ جب میں موقع پر پہنچی تو پتہ چلا کہ 2نابالغ بچوں کے میک اپ کیلئے 3افراد ہدایت دے رہے تھے ۔ یہ ماجرا دیکھ کر پولیس کو مطلع کیا۔ پولیس نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے 4افراد کو گرفتار کرلیا جن میں پولیس سب انسپکٹر کا بیٹا  شامل ہے۔
مزید پڑھیں:- - - -مسلم خواتین کو حقوق دلواکر رہونگا

شیئر: