Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل فرنچائزز کی نجم سیٹھی سے وفاداری

کراچی:پی ایس ایل فرنچائززنے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو وفاداری کا یقین دلا دیا جبکہ نئے سربراہ کے امیدوار قرار پانے والے ایک ٹیم آفیشل بھی ان افراد میں شامل ہیں۔نئی حکومت کے آنے پر پی سی بی میں تبدیلی کی بازگشت گزشتہ کئی روز سے جاری ہے۔ حیران کن طور پر سوائے بورڈ ملازمین کے دیگر سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے نجم سیٹھی کے حق میں آواز بلند نہیں کی البتہ پی ایس ایل فرنچائزز نے انہیں مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ فرنچائز اونر نے چیئرمین سے کہا کہ حکمران پارٹی کی ایک اعلیٰ شخصیت ان کی دوست ہے۔ اس سے بات کر کے تبدیلی نہ کرنے کا مشورہ دیں گے۔ایک اور ٹیم آفیشل نے نجم سیٹھی کو یقین دلایا کہ وہ نیا چیئرمین بننے کی دوڑ میں شامل نہیں،ان کے حوالے سے یہ اطلاعات زیرگردش ہیںکہ وہ اس حوالے سے کوشش کر رہے تھے۔ چیئرمین پی سی بی چاہتے ہیں کہ فرنچائزز کھل کر ان کی حمایت کا اعلان کریں البتہ اونرز اس حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ انہیں خدشہ ہے کہ اگر ایسا کیا اورکرکٹ بورڈ کا کوئی نیا سربراہ آ گیا تو وہ انہیں سابق چیئرمین کا حامی ہی سمجھے گا۔ اب تک صرف ایک ہی فرنچائزمالک نے موجودہ چیئرمین پی سی بی کی کھل کر تعریف کی جسے تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے،دیگر واٹس ایپ گروپ و ویگر ذرائع سے انہیں وفاداری کا یقین دلا رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اعلیٰ حلقوں نے اب تک پی سی بی میں تبدیلی کے حوالے سے چپ سادھی ہوئی ہے البتہ عمران خان کے بطور وزیراعظم حلف اٹھانے کے بعد کسی پیشرفت کا امکان ہے۔

شیئر: