طوفان آئزائاس امریکی خلیجی ساحل سے ٹکرا گیا، تیز ہواؤں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ
طوفان آئزائاس امریکی خلیجی ساحل سے ٹکرا گیا، تیز ہواؤں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ
ہفتہ 10 اکتوبر 2026 13:11
خلیجی ساحل کے تفریحی علاقوں میں طوفانی ہواؤں نے شدید تباہی مچائی (فوٹو: اے ایف پی)
بحرِ اوقیانوس کے رواں سیزن کے پہلے سمندری طوفان آئزائاس نے جمعے کو امریکی خلیجی ساحل سے کیٹیگری 2 سمندری طوفان کے طور پر ٹکرایا، جس کے نتیجے میں فلوریڈا اور الاباما کے ساحلی علاقوں میں شدید ہوائیں، موسلادھار بارشیں، سیلاب اور خطرناک سمندری لہریں پیدا ہوئیں۔
امریکی نیوز ایجسنی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق طوفان فلوریڈا کے شہر ڈیسٹن کے قریب ساحل سے ٹکرایا۔ اس وقت اس کی رفتار 105 میل فی گھنٹہ تھی۔ ساحل سے ٹکرانے سے قبل اس کی شدت کسی حد تک کم ہو گئی اور سنیچر کی صبح تک اسے باضابطہ طور پر سمندری طوفان نہیں سمجھا جا رہا تھا کیونکہ ہواؤں کی رفتار مسلسل کم ہو رہی تھی۔
فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں کیونکہ پورے خطے میں اچانک سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
خلیجی ساحل کے تفریحی علاقوں میں طوفانی ہواؤں نے شدید تباہی مچائی۔ ڈیسٹن کی کئی سڑکیں زیر آب آ گئیں جبکہ پینساکولا میں پولیس نے سڑکوں پر گرے درختوں اور بجلی کی تاروں کے باعث شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز میں درختوں، بجلی کے کھمبوں اور عمارتوں کو نقصان پہنچتے دیکھا گیا، جبکہ ایک سرائے کی چھت بھی ہوا سے اڑ گئی۔
الاباما کے جنوبی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔ شہر میں درخت اور بجلی کی لائنیں گر گئیں جبکہ متعدد سڑکیں بند کرنا پڑیں۔ سنیچر کی صبح تک فلوریڈا اور الاباما میں چھ لاکھ چونسٹھ ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو چکے تھے۔
حکام کے مطابق سب سے بڑا خطرہ طوفانی لہروں کا تھا جو بعض علاقوں میں تین سے پانچ فٹ تک بلند ہو سکتی تھیں۔ اسی خطرے کے پیش نظر کئی اضلاع میں لازمی انخلا کے احکامات جاری کیے گئے جبکہ الاباما کے شہر موبائل میں کرفیو نافذ کیا گیا۔
فلوریڈا کی مقامی رہائشی کیلسی فریزیئر نے کہا کہ علاقے میں موجود تقریباً تمام وافل ہاؤس ریستوران بند کر دیے گئے ہیں، جو طوفان کی شدت کا واضح اشارہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ ریستوران عموماً شدید موسم میں بھی کھلے رہتے ہیں۔
فلوریڈا نیشنل گارڈ کے تقریباً 5 ہزار اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے تعینات کیے گئے جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا۔ بعض جیلوں سے قیدیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق آئزائاس سے خلیجی ساحل کی بڑی آئل تنصیبات کو براہِ راست خطرہ نہیں تھا (فوٹو: اے ایف پی)
اگرچہ ساحل سے ٹکرانے کے بعد طوفان کی شدت میں کمی آنا شروع ہو گئی تھی، لیکن ماہرین نے خبردار کیا کہ جنوبی الاباما سے جنوب مغربی جارجیا تک متعدد علاقوں میں چار سے آٹھ انچ یا اس سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے، جس سے سیلاب کا خطرہ برقرار رہے گا۔
طوفان کے باعث فلوریڈا کے متعدد ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کر دی گئیں جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ہفتے کو ایک فٹبال میچ میں شرکت کا پروگرام منسوخ کر دیا تاکہ ہنگامی امدادی سرگرمیوں میں خلل نہ آئے۔
ماہرین کے مطابق آئزائاس سے خلیجی ساحل کی بڑی آئل تنصیبات کو براہِ راست خطرہ نہیں تھا، تاہم بجلی کی بندش طویل ہونے کی صورت میں ریفائنریوں کا کام متاثر ہو سکتا ہے، جس سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔