Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبز ہلالی پرچم کو سربلند کرنا سب کا فرض ہے ، پرویز یوسف

پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں ، وطن کی بنیادوں میں ہمارے اجداد کالہو بھی شامل ہے ، کرسچن کمیونٹی کے صدر کا جشن آزادی کی تقریب سے خطاب
اسٹاف رپورٹر ۔۔ جدہ
 پاکستان کرسچن کمیونٹی کی جانب سے جشن آزادی کی تقریب پرویز یوسف کی صدارت میں منعقد کی گئی ۔ تقریب کے شرکاء نے مل کر پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا بعدازاں پاکستان کرسچن کمیونٹی کے صدر پرویز یوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان نے ہمیں مثالی شناخت دی ۔ ہمیں پاکستان میں ہر طرح کی آزادی حاصل ہے ۔ پاکستان میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والوں کو ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں ۔ سبز ہلالی پرچم میں اس امر کی یقین دہانی بھی موجود ہے کہ وہاں بسنے والی اقلیتیں بھی مکمل طور پر محفوظ ہیں او ر انہیں بھی ہر طرح کے حقوق حاصل ہیں ۔ قیام پاکستان کے وقت ہمارے آباء و اجداد نے بھی حصول آزادی کے لئے برابر حصہ شامل کیا ۔ ہمارے اجداد کا خون بھی آزادی وطن کی بنیادوں میں شامل ہے ۔پرویز یوسف نے پاکستان آرمی کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا افواج پاکستان ہمارا افتخار ہیں ہمیں ان جوانوں پر فخر ہے جسے دنیا کی سب سے بہترین فوج ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ سرحدوں کی حفاظت ہو یا قدرتی آفات پاکستانی فوج نے ہمیشہ یہ ثابت کیا کہ وہ ایک مثالی فوج ہے ۔ ہم استحکام پاکستان کے لئے ہمیشہ دعا گو ہیں ۔ پاکستان نے ہمیں اقوام عالم میں جو نمایاں شناخت دی اس پر بھی ہمیں فخر ہے ۔ ہمارے پیش نظر پاکستان کا استحکام اور ترقی ہے میری اپنی کمیونٹی سے خصوصی درخواست ہے کہ ہمیشہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے خدا بزرگ و برتر سے دعا گو رہیں ۔ یہ وطن ہے تو ہم ہیں اور ہماری شناخت ہے ۔ اس نعمت کی قدر ان لوگوں سے پوچھیں جنہیں وہ نعمت حاصل نہیں ۔ ہم خوش نصیب ہیں کہ سبز ہلالی پرچم اور سبز پاسپورٹ ہمارا پشت پناہ ہے ۔ تقریب میں شریک دیگر شرکاء نے بھی جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کااعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے ۔ وہ عناصر جو مختلف طریقوں سے مذہبی منافرت پھیلا نے کی کوشش کرتے ہیں انکے مذموم ارادوں  کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ قائد کے فرمودات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے استحکام وطن کے وسیع تر منصوبے پر ہمیشہ عمل پیرا رہیں گے ۔ تقریب میں کم سن بچوں نے ملی نغمے گائے اور اختتام پر کرسچن کمیونٹی کے صدر پرویز یوسف نے شرکاء کے ساتھ مل کر 72 ویں یوم آزادی کا کیک کاٹا۔
مزید پڑھیں:- - - - -پاکستانی ڈائریکٹر حج کی جشن آزادی پروگرام میں شرکت

شیئر: