خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے سعودی دارالحکومت ریاض کے پرومینیڈ میں خصوصی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس مہم کا مقصد بریسٹ کینسر سے بچاؤ کے لیے ابتدائی تشخیص کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور معاشرے میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا تھا۔
واک کے آغاز سے قبل شرکا میں مخصوص ٹریک سوٹ تقسیم کیے گئے۔
واک میں شریک ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ’مملکت کی جانب سے صحت مند معاشرے کے لیے مثبت اقدامات کیے جا رہے ہیں جو خوش آئند ہیں، جن میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی واک بہت اہم ہے۔‘
فلپائن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے بھی اعزاز کی بات ہے کہ فلپائنی کمیونٹی بھی اس ایونٹ میں شامل ہے۔ صحت کو برقرار رکھنے کے لیے سپورٹس سرگرمیاں اہم ہیں۔ ایونٹ بہت اچھی طرح منظم کیا گیا ہے جبکہ لوگ بھی خوش اخلاق اور تعاون کرنے والے ہیں۔‘