Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بل گیٹس کی انڈین شوبز انڈسٹری میں انٹری، ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی ٹو‘ میں نظر آئیں گے

’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ گھریلو معاملات کے گرد ایک ڈرامہ سیریل ہے (فوٹو: سٹار پلس)
انڈین ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کے نئے سیزن میں مشہور ارب پتی بل گیٹس جلوہ گر ہوں گے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اداکارہ و سیاستدان سمرتی ایرانی اس سیریل میں ایک بار پھر ’تلسی‘ کے کردار میں نظر آئیں گی۔ انہوں نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لمحہ انڈین انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے تاریخی ہے۔
بالاجی ٹیلی فلمز نے انسٹاگرام پر شو کا ایک پرومو شیئر کیا ہے جس میں سمرتی ایرانی کو ویڈیو کال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’جے شری کرشنا، بہت اچھا لگا یہ جان کر کہ آپ سیدھا امریکہ سے ہمارے پریوار سے جُڑ رہے ہیں۔ ہم سب آپ کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔‘
اگرچہ ویڈیو کال پر جس شخصیت سے بات ہو رہی ہے اس کا چہرہ ظاہر نہیں کیا گیا لیکن اشارہ دیا گیا ہے کہ وہ خصوصی مہمان بل گیٹس ہی ہیں۔ پرومو کے مطابق بل گیٹس جمعرات اور جمعہ کو نشر ہونے والی قسطوں میں نظر آئیں گے۔
’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی ٹو‘ کو ایک لیمیٹڈ سیریز کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جس کی کل 150 اقساط ہوں گی۔ یہ شو 29 جولائی 2025 کو ’سٹار پلس‘ پر نشر ہونا شروع ہوا ہے اور اسے ’جیو ہاٹ سٹار‘ پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
اس سیریز میں نہ صرف تلسی اور مہیر (امر اوپادھیائے) کی مشہور جوڑی دوبارہ سکرین پر نظر آ رہی ہے بلکہ نئی نسل کے کردار جیسے روہت سچانتی، تنیشا مہتا، شگون شرما اور امان گاندھی بھی شامل ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ بل گیٹس صرف ایک مختصر ویڈیو کال تک محدود رہیں گے یا شو میں ان کی موجودگی کسی اہم سماجی پیغام کے ساتھ جڑی ہوگی۔
یاد رہے کہ ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ کا پہلا سیزن سنہ 2000 سے 2008 تک نشر کیا گیا تھا اور اس نے مداحوں میں کافی مقبولیت حاصل کی تھی۔

شیئر: