Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوپی، دہلی اور اتراکھنڈ میں شدید بارش،3ہلاک،نظام زندگی درہم برہم

نئی دہلی۔۔۔۔دارالحکومت دہلی میں گزشتہ رات سے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے بعد ایئر پورٹ جانیوالی سڑکیں زیر آب آگئیں اور پورا علاقہ جھیل میں تبدیل ہوگیا۔دہلی کے اتم نگر کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے لوگوں کوآنے جانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ جہاں ایک طرف لوگوں کو بارش کی وجہ سے ٹریفک اژدہام اور مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں گرمی اُمس سے بھی لوگوں کو راحت ملی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر دہلی اور اس کے مضافات میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔سائبر سٹی گروگرام میں تاحد نگاہ بارش کا پانی جمع ہوگیا ۔سڑکیں اور نشیبی علاقے اور گلی محلے پانی سے لبریز ہوگئے۔این ڈی ایم اے کے مطابق مشرقی ریاستوں سمیت ملک کی ایک درجن سے زائد ریاستوں میں شدید بارش کے آثار ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ماہی گیروں کوسمندر میں جانے سے منع کردیا ہے۔اترا کھنڈ میں تودے گرنے سے متعدد شاہراہیں بند ہوگئیں۔ ضلع نینی تال میں دریائے کوسی اور جمنا میں طغیانی آئی ہوئی ہے۔لگاتار بارش سے  قومی شاہراہ 3دن سے بند کردی گئی جس سے ہزاروں مسافر کوٹ دوار اور دوگڈڈا میں پھنسے ہوئے ہیں۔ شدید بارش سے بہہ کر آنے والے مٹی کے تودے گھروں میں بھر گئے اور سیلابی ریلے میں ایک کار بہہ گئی اور کار میں سوار 3افرا کی موت ہوگئی جبکہ ایک خاتون کو بچالیا گیا۔رام نگر میں ایک موٹر سائیکل سوار برساتی نالے میں بہہ گیاتاہم موقع پر موجود لوگوں نے اسے بچا لیا۔اتر پردیش کے مرزا پور میں شدید بارش سے پہاڑی علاقوں کے دریاؤں میں طغیانی آگئی جس سے درجنوں گاؤں اور دیہات کا رابطہ ایک دوسرے سے منقطع ہوگیا۔ ضلع میں شدید بارش کی وجہ سے اسکولوں شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔ ضلع انتظامیہ نے لوگوں کو انتباہ جاری کردیا ہے۔ مراد آباد میں رام گنگا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ آس پاس کے علاقے زیر آب آگئے۔لوگ جان جوکھم میں ڈال کر پانی سے بھری سڑکوںپرآمدورفت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ضلع انتظامیہ نے سیلاب سے نمٹنے کیلئے پولیس اور امدادی ٹیمیں تعینات کردی ہیں، سیلاب سے نمٹنے کیلئے غوطہ خوروں اور کشتیوں کا بندوبست کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:- - - - -کیرالا سیلاب زدگان کیلئے جمعیت علمائے ہند کی جانب سے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

شیئر: