Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماجد خان کو چیف ایگزیکٹو بنانے کی تجویز مسترد

 
اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے پیٹرن انچیف عمران خان نے بورڈ کے نو منتخب چیئرمین احسان مانی کی جانب سے پاکستانی لیجنڈ سابق اوپننگ بلے باز ماجد خان کو پی سی بی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر بنانے کی تجویز مسترد کردی ۔پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز رکھنے والے ماجد خان قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وزیر اعظم عمران خان کے کزن ہیں اور دونوں نے ایک عرصہ تک ساتھ کرکٹ بھی کھیلی ہے۔ماہرین کاکہنا ہے کہ ماجد خان چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کیلئے بہترین اور موزوں ترین شخصیت ہیں لیکن عمران خان اپنے کسی بھی رشتہ دار کو کوئی عہدہ دینے سے کترا رہے ہیں۔احسان مانی نے چیئرمین پی سی بی منتخب ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں بورڈ کے چیئرمین کی جانب سے چیف ایگزیکٹو کا عہدہ بھی رکھنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ ہمارے بورڈ میں چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو دونوں ایک ہیں اور دنیا کے کسی بھی بورڈ میں ایسا نہیں۔چیئرمین پی سی بی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ چیئرمین کا کام پالیسیوں پر چیف ایگزیکٹو کے ذریعے عملدرآمد کرانا ہے اور چیف ایگزیکٹو بورڈ کی مینجمنٹ کا ذمہ دار ہوتا ہے لہٰذا ہم ان دونوں عہدوں کو الگ الگ رکھیں گے۔احسان مانی کسی اہل اور موزوں شخص کو چیف ایگزیکٹو کا عہدہ دینے کے خواہشمند ہیں اور اس عہدے کے لیے ماجد خان بہترین امیدوار ہیں کیونکہ وہ ماضی میں بھی یہ ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھا چکے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو کی حیثیت سے انہوں نے میچ فکسنگ کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے سخت اقدامات کئے تھے۔اس وقت کے وزیر اعظم نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے جسٹس ریٹائرڈ ملک قیوم کی زیر سربراہی جوڈیشل کمیشن قائم کیا تھا جس نے متعدد کرکٹرز کو سزائیں دینے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی کئے تھے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے واٹس ایپ اسپورٹس گروپ جوائن کریں

شیئر: