Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

احسان مانی پی سی بی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

 
لاہور:73سالہ احسان مانی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں ان کا انتخاب 3 سال کیلئے متفقہ طور پر عمل میں آیا ہے۔پیٹرن انچیف کے منظور نظر احسان مانی کے مقابلے میں کسی رکن نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے اور تمام اراکین نے ان پر متفقہ طور پر اعتماد کا اظہار کیا جس کے بعد الیکشن کمشنر جسٹس (ریٹائرڈ) افضل حیدر نے احسان مانی کے منتخب ہونے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے سے 20 اگست کو استعفیٰ دے دیا تھا جس کے فوراً بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے احسان مانی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا چیئرمین نامزد کرنے کا اعلان کردیا تھا جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین کے مطابق نہیں تھا لہذا کچھ دیر بعد ہی عمران خان کی جانب سے احسان مانی کو آئین کے مروجہ طریقہ کار کے تحت بورڈ آف گورنرز میں نامزد کرنے اور انتخاب کے بارے میں ایک اور ٹوئٹر پیغام سامنے آیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا بورڈ آف گورنر 10 ارکان پر مشتمل ہے جس میں4 ارکان بورڈ سے الحاق رکھنے والے اداروں کے نمائندے ہوتے ہیں جبکہ4 کا تعلق ریجنز سے ہوتا ہے۔ 2 ارکان حکومتی نمائندے ہوتے ہیں۔نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں حکومت کے دوسرے نمائندے عارف اعجاز بھی مستعفی ہوگئے تھے لہٰذا وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کے علاوہ اسد علی خان کو اپنے دوسرے نمائندے کے طور پر بورڈ آف گورنرکے لئے نامزد کیا تھا۔73 سالہ احسان مانی کا شمار بین الاقوامی کرکٹ کے انتہائی تجربہ کار ایڈمنسٹریٹرز میں ہوتا ہے۔وہ طویل عرصہ تک انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں مختلف حیثیت میں ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔ جون 2003 سے 3سال تک آئی سی سی کے عہدہ صدارت پر فائز رہے۔احسان مانی چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹ ہیں لہٰذا بین الاقوامی کرکٹ کے مالی امور پر انھیں مکمل دسترس حاصل ہے۔احسان مانی کے عمران خان سے پرانے مراسم ہیں۔ وہ شوکت خانم کینسر ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں بھی شامل ہیں۔ ان دنوں وہ گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کے طور پر سیاحت اور شجرکاری کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں۔
 

شیئر: