Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیئرمین پی سی بی میں تبدیلیوں کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

 
  لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی لاہورمیں بھرپورمصروفیات کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے، اگلے ہفتے پی سی بی میں بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔احسان مانی کی پی سی بی کے پیٹرن انچیف عمران خان سے ملاقات متوقع ہے۔ وہ بورڈ کی کارکردگی رپورٹ پیش کریںگے۔ مارکیٹنگ، میڈیا، ڈومیسٹک، انٹرنیشنل کرکٹ ، فنانس، پی ایس ایل اور ایچ آر کے شعبوں میں نئے پروفیشنل لوگوں کو لایاجائے گا۔ سابق ادوار کے فیورٹ بہت سے لوگوں کو فارغ کردیا جائے گا۔ نجم سیٹھی اینڈ کمپنی نے متوقع رخصتی کے پیش نظر ابھی سے اپنے اکاونٹس کلیئر کروانے کے ساتھ سامان بھی پیک کرناشروع کردیا ہے۔ ملازمت برقرار رکھنے کےلئے چند ایک نے سفارشیں اور اثرورسوخ کا استعمال بھی شروع کررکھاہے۔ جن کو یقین ہے کہ اب پی سی بی میں ان کی دال مزید نہیں گلنے والی۔ انہوں نے دوسری ملازمتوں کی تلاش شروع کردی ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ان ملازمین کی رخصتی سے پہلے ان کے مالی معاملات کی بھی چھان بین ہوگی۔ وزیر اعظم کے نامزد گورننگ بورڈ کے رکن اسد اللہ خان کو پاکستان سپرلیگ میں اہم ذمہ داری سونپی جاسکتی ہے۔ پی سی بی میں بورڈ سربراہ کے اختیارات کی تقسیم کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا عہدہ بھی متعارف کرایا جارہاہے۔ جس کیلئے بورڈ آئین میں ترامیم کی منظوری کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر امیدواروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔ اس بات کے قوی امکان ہیں کہ چیف آپریٹنگ آفیسر کی پوسٹ ختم کردی جائے گی اور عرصہ دراز سے اس سیٹ پر ذمہ داریاں نبھانے والے سبحان احمد کو گھر جانا پڑسکتا ہے۔ 

شیئر: