Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملیریائی بخار نے خوفناک شکل اختیار کرلی،21ہلاک،1500متاثر

بریلی۔۔۔۔یوپی کے ضلع بریلی اور بدایوں میں پھیلے ہوئے بخار نے خوفناک شکل اختیار کرلی۔روہیل کھنڈ میں فیلسی فیرم ملیریا ئی بخار نے دستک دے رکھی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ30برسوں کے دوران پورے ہندوستان میں اس بیماری میں مبتلا کوئی مریض سامنے نہیں آیا ۔روہیل کھنڈ میں ابتک سیکڑوں افراد اس جان لیوا بخار کا شکار ہوچکے ہیں لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے علاقے میں پھیلے ہوئے اس وبائی بخار کے بارے میں محکمہ صحت کو صحیح علم ہی نہ ہوسکا۔ سیکڑوںافراد کے لقمہ اجل ہونے کے بعد ضلع اسپتال میں سی ایم او اور ریاستی سرویلنس آفیسر ڈاکٹر وکاس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بخار نے وبائی شکل اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ 2دنوں میں 1500فیلسی فیرم ملیریا کے مریض اسپتال میں داخل کئے گئے ۔ یہ انتہائی خطرناک قسم کا ملیریاہوتا ہے۔ ڈاکٹر وکاس نے بتایا کہ ملیریا کی 2قسمیں ہوتی ہیں ۔پہلا وائی میکس ملیریا اور اور دوسرا فیلسی فیرم ملیریا۔ وائی میکس ملیریا زیادہ خطرناک نہیں، یہ عام ملیریا ہوتا ہے لیکن فیلسی فیرم ملیریا انتہائی خطرناک ہوتا ہے جس سے موت بھی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بریلی میں بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظرریاستی اور مرکزی ڈاکٹروں کی ٹیم علاقے میں تعینات کردی گئی جو مریضوں کے علاج و معالجہ اورمذکورہ بخار کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ۔محکمہ صحت نے ابتک 41افراد کی موت کی تصدیق کی جس میں 21افراد فیلسی فیرم بخار سے ہلاک ہوئے جبکہ 20افراد کی موت مختلف بیماریوں کی وجہ سے ہوئی۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بریلی کے ضلع اسپتال کا سروے کرنے کیلئے وزیر صحت سدھارتھ ناتھ سنگھ اور ریاستی وزیر خزانہ راجیش اگروال کو روانہ کیا۔وزیر صحت نے ضلع میں پھیلی ہوئی خوفناک وبائی بیماری کو دیکھتے ہوئے ضلع ملیریاافسر اور ضلع کے محکمہ صحت کے اہلکار سمیت 4افسران کو برطرف کردیا، علاوہ ازیں ضلع کے دونوں سی ایم او کو انتباہی نوٹس جاری کرتے ہوئے مریضوں کے بہتر علاج و معالجہ کی سہولتیں فراہم کرنے کی تلقین کی۔
مزید پڑھیں:- - - -آگرہ : جونیئر ڈاکٹروں کی ہنگامہ آرائی، ہوٹل میں توڑ پھوڑ

شیئر: