Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

6 ہوائی اڈوں سمیت نیوم منصوبہ 2025ءسے قبل مکمل کرلیں گے، محمد بن سلمان

ریاض.... سعودی ولیعہد، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ سعودی عرب 6 ہوائی اڈوں، ایک بندر گاہ ، ایک صنعتی علاقے ، 12 شہروں و قصبوں اور 6 یا 7 بڑی آبادیوں سمیت 2025 ءسے قبل نیوم منصوبہ مکمل کرلے گا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 40 برس میں پہلی بار سعودی عرب میں سالانہ تعطیل نیوم میں گزاری۔ اس سے قبل وہ سالانہ چھٹی گزارنے کیلئے بیرون ملک جایا کرتے تھے۔ نیوم متعدد شہروں، قصبوں اور بستیوں کا مجموعہ ہوگا۔ بعض وادی دیگر پہاڑوں میں قائم ہونگی جبکہ عظیم الشان صنعتی علاقہ بھی روبہ عمل لایا جائے گا۔ شاندار بندرگاہ ہوگی۔ 3 نیشنل اور ایک انٹرنیشنل ہوائی اڈہ تعمیر کیا جائے گا۔ نیوم میں مختلف قسم کے دیوہیکل منصوبے نافذ کئے جائیں گے۔ یہ ایک طرح سے بڑی ریاست کے اندر چھوٹی ریاست کا نمونہ پیش کرے گا۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہاں ایک علاقہ جسے ہم نے " نیوم ریویرا" کا نام دیا ہے 2020ءمیں تیار ہوجائے گا۔ بیشتر ملازم نیوم ریویرا میں منتقل ہوجائیں گے۔ میں اسے 2019ءہی میں مکمل کرانے کی تگ و دو کررہا ہوں، نہیں کہہ سکتا کہ کامیابی ملے گی بھی یا نہیں۔ ہم ہر سال نیوم میں 2 سے 3 قصبے تیار کریں گے۔ نیوم شہر 2025ءمیں پوری طرح سے تیار ہوجائے گا۔ ولیعہد نے یہ بھی کہا کہ ہمارے اس منصوبے میں بین الاقوامی اور مشرق وسطیٰ کے فریق دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس حوالے سے بہت سارے نام ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں بہت سارے اچھے قصے سننے کو ملیں گے۔ سب سے پہلی کامیابی کی کہانی فروری 2019ءمیں سنائی جائے گی۔ ایک سرمایہ کار نیوم میں ایک نئی چیز پیش کرے گا۔ فی الوقت اس کی حتمی تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔ 
 

شیئر: