Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یارکشائر میں سیکڑوں بچے منظم جرائم میں مصروف ہیں، پولیس

براڈ فورڈ....برطانوی بچوں میں مجرمانہ رجحانات کی خبریں ایک  عرصے سے سنی جارہی ہیں مگر تازہ ترین ہولناک انکشاف یہ ہے کہ وہ اب منظم طور پر مجرمانہ سرگرمیوں میں مصرو ف جرائم پیشہ گروہوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں۔ مقامی پولیس نے اس حوالے سے جو تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ سیکڑوں  بچے اور لڑکے جرائم پیشہ گروہوں کے کارندے کے طور پر کام کررہے ہیں۔ پولیس کا کہناہے کہ  صرف براڈ فورڈ  کے علاقے میں بچوں کو مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال  کرنے والے گروہوں کی تعداد کم از کم 51ہے جبکہ ان کے لئے کام کرنے والے بچوں میں سے 471کی شناخت بھی ہوچکی ہے۔ جرائم پیشہ گروہوں کے کارندے بننے والوں سے جو کام لیا  جاتا ہے ان میں سے ایک خطرناک کام  یہ ہے کہ انہیں حشیش کے کھیتوں اور باغات میں کام کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے جبکہ چوری کرنے کا ہنر اور گر بھی انہیں سکھایا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جرائم پیشہ گروہوں نے ان بچوں کو اپنا غلام بنا رکھا ہے اور انہیں منشیات ایک جگہ سے دوسری جگہ لانے لے جانے  کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔  حکام نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے 4سالہ منصوبے پر کام شروع کردیا ہے جس پر کم از کم 10لاکھ پونڈ لاگت آئیگی۔ باخبر ذرائع کا کہناہے کہ گروہ کا سرغنہ ان بچوں کے ذریعے اسلحہ کی تقسیم بھی کراتے ہیں اور ایسے کاموں کیلئے وہ زیادہ تر گھروں سے بھاگے ہوئے اور بے سہارا بچے چنتے ہیں جو کہیں بھاگنے کے قابل نہیں ہوتے۔ رپورٹ  کی تیاری میں براڈ فورڈ کونسل نے یارکشائر پولیس سے بھی مدد لی ہے۔
مزید پڑھیں:- - - - -لیموزین قابو سے باہر ، 20افراد ہلاک، مرنیوالوں میں 4بہنیں شامل

شیئر: