Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئی ٹیسٹ رینکنگ : اظہر علی، یاسر شاہ کی ترقی

دبئی:ہند اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے اختتام اور پاک آسٹریلیا سیریز کے دوسرے میچ سے قبل انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے نئی رینکنگ جاری کردی ۔ سابق کپتان اظہر علی ایک درجہ ترقی پاکر 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے جبکہ ایک درجہ بہتری سے یاسرشاہ کی ٹاپ 20 میں واپسی ہوئی اور وہ 20 واں نمبر سنبھال چکے تاہم ایک درجہ خسارے نے محمد عباس کو 14 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ ان کی جگہ ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولرشینن گیبریئل 13ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان بدستور ساتویں نمبر ہے۔ ٹیسٹ بیٹسمینوں میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی پہلے ، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن تیسرے ، انگلینڈ کے جوئے روٹ چوتھے اورآسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان ہندوستانی بیٹسمین پرتھوی شا کی رینکنگ میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں سنچری بناتے ہوئے 73 ویں نمبر کے ساتھ بیٹسمینوں کی رینکنگ میں شمولیت اختیار کی تھی، اب دوسرے میچ میں 70 اور ناٹ آوٹ 33 رنز کی اننگز کھیل کر ایک ساتھ 13 درجے ترقی پائی اور60ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اسی طرح 92 رنز کی اننگز کھیلنے والے وکٹ کیپررشبھ پنت بھی 23 درجے ترقی پاکر 62 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے اس سیریز کا آغاز 111 ویں پوزیشن سے کیا تھا۔ بولرز میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر ٹاپ 10میں پہنچ گئے ہیں۔انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن ، جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا اور ورنن فلینڈر، ہند کے رویندر جدیجہ اور انگلینڈ کے ٹرینٹ بولٹ ابتدائی5پوزیشنیں سنبھالے ہوئے ہیں۔بیٹسمینوں کی طرح بولرز اور آل راونڈرز میں بھی کوئی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں شامل نہیں طویل عرصے تک ابتدائی پوزیشنوں پررہنے محمد حفیظ مسلسل تنزلی کے ساتھ اب 22نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔بنگلہ دیش کے شکیب الحسن پہلے، ہندکے رویندر جدیجہ دوسرے اور ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کپتان جیسن ہولڈر تیسرے نمبر پر ہیں۔ٹیم رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر موجود ہندوستانی ٹیم کو سیریز میں0-2سے کامیابی کی بدولت ایک پوائنٹ ملا جبکہ ویسٹ انڈین ٹیم کو ایک ہی پوائنٹ کی کٹوتی برداشت کرنا پڑی اور وہ آٹھویں نمبر پر ہے۔جنوبی افریقہ، آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ابتدائی پوزیشنیں بھی برقرار ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: