حج 2026: سعودی عرب کا اتوار سے ویزوں کے اجرا کا اعلان
جمعرات 5 فروری 2026 18:05
خدمات کی فراہمی کے حوالے سے 100 فیصد معاہدے مکمل کیے جاچکے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے چار ماہ قبل اتوار 8 فروری (20 شعبان) سے حج 2026 (1447) ہجری کے لیے ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق اس سال حج سے چار ماہ قبل ویزوں کا اجرا قبل از وقت کرنے کا مقصد عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہے۔
وزارت کا کہنا ہے’ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کو مشاعر مقدسہ میں خدمات کی فراہمی کے حوالے سے 100 فیصد معاہدے مکمل کیے جاچکے ہیں۔‘
’نسک‘ پورٹل پر مکہ مکرمہ میں عازمین کی عمارتوں کے حوالے سے رہائشی ایگریمنٹس بھی مکمل کرلیے گئے۔‘
وزارت حج و عمرہ نے بتایا’ اب تک 7 لاکھ 50 ہزار عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی جبکہ 30 ہزار عازمین کی بکنگ ان کے ملکوں سے براہ راست کی گئی ہے۔‘
مشاعر مقدسہ میں بیرونِ مملکت سے آنے والے عازمین کے لیے 485 کمیپ مخصوص کیے گئے ہیں جبکہ 73 حج خدمات کے اداروں کے ساتھ بنیادی معاہدے بھی کیے جاچکے ہیں۔
واضح رہے اس سال حج ویزوں کے اجرا کا اعلان تقریبا 4 ماہ قبل کیا گیا ہے جس کا مقصد حج آپریشن کو سادہ اور آسان بنانا ہے تاکہ عازمین کو حج خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
