کشمیر جلد ہی کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزادی کی سحر دیکھے گا: فیلڈ مارشل
کشمیر جلد ہی کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق آزادی کی سحر دیکھے گا: فیلڈ مارشل
جمعرات 5 فروری 2026 17:53
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلیڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’کشمیر جلد ہی کشمیری عوام کی مرضی اور تقدیر کے مطابق آزادی کی سحر دیکھے گا۔‘
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یہ بات جمعرات کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے دورہ کے موقعے پر کہی۔
بیان کے مطابق ’فیلڈ مارشل نے جدوجہدِ آزادی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے جموں و کشمیر شہداء میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور تحریکِ کشمیر کے شہداء کی لازوال شجاعت اور بے مثال قربانیوں کے اعتراف میں انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔‘
’معززین اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے انڈیا کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا۔‘
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ’انڈین مظالم، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں اور ہندوتوا پر مبنی زیادتیاں کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور امنگوں کو دبانے میں ناکام رہی ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر جلد ہی کشمیری عوام کی مرضی اور تقدیر کے مطابق آزادی کی سحر دیکھے گا۔‘
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ن جموں و کشمیر شہداء میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھائی (فوٹو: آئی ایس پی آر)
انہوں نے مزید زور دیا کہ ’پاکستان تمام متعلقہ بین الاقوامی فورمز پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اس وقت تک اجاگر کرتا رہے گا جب تک اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اس تنازع کا منصفانہ حل نہیں نکل آتا۔‘
’آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مشکل آپریشنل حالات کے باوجود کشمیر میں تعینات افسروں اور جوانوں کے غیر متزلزل عزم، بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کی تعریف کی۔‘
’انہوں نے کسی بھی معاندانہ اشتعال انگیزی کو مؤثر طریقے سے روکنے اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے تمام شعبوں میں اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری اور بہترین تال میل برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘
بیان کے مطابق ’آرمی چیف نے ایک فارورڈ پوسٹ کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے فرنٹ لائن پر تعینات دستوں سے ملاقات کی۔‘
دورے کے دوران انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’کسی بھی جارحیت کا فوری، بھرپور اور موزوں جواب دیا جائے گا۔‘