Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’’مرغے کا انڈہ‘‘ خالق حقیقی سے جاملا

عبد الستار خان
@nazarhijazi
 
عربوں کی تاریخ میں ’’انقلاب اپریل‘‘ نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔یہ سوڈان کی تاریخ کا وہ دور ہے جس میں جعفر نمیری کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ کردیا تھا۔عدل و انصاف مفقود تھا۔ان مایوسیوں کے گرداب سے قوم کو نجات دلانے والے فوجی کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا۔یہ فیلڈ مارشل عبد الرحمن سوار الذہب تھے جنہیں عرب ’’بیض الدیک‘‘ یعنی مرغے کا انڈا کہا کرتے ہیں۔اس کی وجہ تسمیہ یہ ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کوئی فوجی جنرل حکومت پر قابض ہونے کے بعد اپنی مرضی سے رخصت نہیں ہوا۔عبد الرحمن سوار الذہب واحد فوجی تھے جنہوں نے عام انتخابات کرائے ، زمام اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کی اور گوشہ نشین ہوگئے۔مرغے نے کبھی انڈا نہیں دیا، اسی طرح فوج نے عبد الرحمن سوار الذہب جیسا لیڈر کبھی پیدا نہیں کیا۔
یہ اپریل 1985ء کی بات ہے جب جعفر نمیری کی حکومت قائم تھی اور ملک میں انارکی اپنے عروج پر تھی۔عبد الرحمن سوار الذہب نے فوجی انقلاب کے ذریعہ نمیری حکومت کا خاتمہ کیا اورکرسی ٔ اقتدار خود سنبھالی۔بعد ازاں ایک سویلین وزیر اعظم کو مقررکیا ۔انہوں نے قوم سے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت کی حیثیت نگراں کی ہوگی جس کی مدت ایک سال سے تجاوز نہیں کرے گی۔چشم فلک نے دیکھا کہ ٹھیک ایک سال بعد اپریل 1986ء میں عام انتخابات ہوئے اور صادق المہدی منتخب ہوئے۔ عبدالرحمن سوار الذہب نے اقتدار منتخب حکومت کے حوالے کیا اور رخصت ہوگئے۔
آج جمعرات(18اکتوبر2018) کو ریاض کے ملٹری اسپتال میں ان کا انتقال ہوگیا۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔
 

شیئر: