Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی کرکٹر ثناءمیر آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون

دبئی:پاکستانی ویمنز ٹیم کی سابق کپتان اور آل راونڈر ثنا ءمیر نے آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون بولر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا جبکہ وہ 5 بہترین آل راونڈرز میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ ثناءمیر پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں جو آئی سی سی کی ون ڈے بولنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپیئن شپ کے اختتام پرخواتین کی ون ڈے کرکٹ کی نئی عالمی رینکنگ جاری کی گئی ۔بولرز کی فہرست میں پاکستان کی ثناءمیر نے ٹاپ پوزیشن پر جگہ بنا لی ، ان کے مجموعی پوائنٹس 663ہیں۔ آسٹریلیا کی میگن شٹ دوسرے اور جنوبی افریقہ کی میریزانے کیپ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ثناء میردنیا کی5 ٹاپ آل راو نڈرز میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں اور ان کا اس فہرست میں پانچواں نمبر ہے ۔آسٹریلیا کی ایلسی پیری پہلے، ویسٹ انڈیز کی ا سٹیفانی ٹیلر دوسرے، جنوبی افریقہ کی ڈی وین نیکرک تیسرے اور ہند کی دیپتی شرما چوتھے نمبر پر ہیں۔ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کی ایلسی پیری پہلے نمبر پر ہیں جبکہ ان کی ہموطن میگ لیننگ دوسرے اور ہند کی کپتان متھالی راج کا تیسرا نمبر ہے۔ پاکستانی ٹیم کی کوئی رکن بھی ٹاپ 20 پوزیشنوں میں جگہ نہیں بناسکیں۔جویریہ خان 24ویں جبکہ ناہیدہ خان25ویں نمبر پر ہیں۔ویمنز ون ڈے ٹیم رینکنگ میں پاکستان کا 7واں نمبر ہے جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور ہند ابتدائی 3 پوزیشنوں پر ہیں۔ نیوزی لینڈ چوتھے، جنوبی افریقہ پانچویں، ویسٹ انڈیز چھٹے،، سری لنکا آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور آئرلینڈ دسویں نمبر پر ہے۔
 کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: