Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک لمحہ کی غلطی صدیوں کی بربادی کا باعث بن سکتی ہے ، سید خواجہ وقار الدین

ریاست کی باگ ڈور سیکولراور سلجھے ہوئے امیدواروں کے ہاتھ میں دینے کا عہد کریں،ڈاکٹر سید علی محمود
    جدہ  ( امین انصاری )زندگی میں بسا اوقات ایک لمحہ کی غلطی صدیوں کی بربادی کا باعث بنتی ہے ۔جو انسان وقت پر فیصلہ نہیں لے سکتا وہ گمراہیوں اور بربادیوں کے دلدل میں پھنس جاتا ہے ان خیالات کا اظہارجدہ کی معروف شخصیت  سید خواجہ وقار الدین نے " انتخابی مہم کے طریقہ کار" کے عنوان سے محبان مجلس اتحاد المسلمین جدہ کی  منعقد تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ سیکولر ملک کی بنیاد کا وہ حق ہے جس کے استعمال سے باشعور اور ملک کے سیکولر قائدین کا انتخاب کیا جاسکتا ہے ۔ اگر ہم نے اپنا حق رائے دہی کھو دیا تو پھر ہم نے اپنی شخصیت اور پہچان کھودی ۔ انہو ںنے کہا کہ ہمیں  چاہئے کہ اپنی ریاست تلنگانہ کو مستحکم اور مضبوط قیادت سے آراستہ کرنے کیلئے سیکولر قائدین کا ساتھ دیں ۔ ڈاکٹر سید علی محمود نے کہا کہ ووٹنگ کا حق بالغ عوام کو اس لئے دیا جاتا ہے کہ وہ دانشمندی  اور سمجھ بوجھ کے ساتھ اپنی ریاست کی باگ ڈور  سیکولر اور سلجھے ہوئے امیدواروں کے ہاتھ میں دیں۔  انہوں نے انتخابی مہم کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم سیکولر امیدوار کی تائید کیلئے میڈیا ، سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا سے استفادہ  کریں گے نیز  تارکین وطن اپنے اہل خانہ کو اس بات کی ہدایت کریں کہ اپنا حق رائے دہی صرف اور صرف ان اشخاص کے حق میں استعمال کریں جو ملت اور ریاست کیلئے فائدہ مند ہیں ۔ ندیم عبدالباسط نے کہا کہ اگرچیکہ ہم وطن سے دور ہیں لیکن اپنی ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے ہمارے دل دھڑکتے ہیں اور ریاستی الیکشن کے موقع پر ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور اپنے عزیز و اقارب کو فون کے ذریعہ ووٹ کے استعمال کی حقیقت سے واقف کرواتے ہوئے انہیں اس کے استعمال پر زور دیں۔عرفان قریشی نے کہا کہ ہم سوشل میڈیا کے ذریعہ نہ صرف اپنوں کو بلکہ پوری ریاست کے باشعور سیکولر عوام کو مسلسل اس طرف توجہ دلاکر سیکولرزم کو مضبوط اور بہترین لیڈروں کے انتخاب کی مہم کو تیز کرتے ہیں ۔ محمد لیاقت علی خان نے کہا کہ ہمیں ریاستی انتخابی اہمیت کو سمجھتے ہوئے بہت ہی سوجھ بوجھ کے ساتھ اپنے ووٹ کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے ہماری تھوڑی سے نادانی سے قوم کا مستقبل تاریک ہوسکتا ہے ۔ محمد حبیب نے کہا کہ ہم ایسے امیدواروں کا انتخاب کریں جو ہمارے مسائل کو حل کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں ۔انہوں نے شرکاء محفل کا خیر مقدم کیا اور شرکت پر شکریہ بھی ادا کیا ۔  شرکاء محفل نے اس موقع پر مجلسی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہئے ۔
مزید پڑھیں:- - - -تلنگانہ گلف این آر آئیز فیڈریشن کا تیسرا اجلاس ،آئندہ کے لائحہ عمل پرغور و غوض

 

شیئر: