Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے مثالی اقدامات کررہی ہے ، کنول شاہ زیب

تار کین اسمال اور مڈل انڈسٹریز میں سرمایہ کاری کریں ، ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائیگی، پارلیمانی سیکریٹری برائے ترقیات و منصوبہ بندی کی پی ٹی آئی عہدیداروں سے گفتگو
کمیونٹی ڈیسک ۔ جدہ
      وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے ڈیولپمنٹ اینڈ پلاننگ کنول شازیب کی جدہ آمد کے موقع پر پی ٹی آئی کے قائدین نے پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے حالات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں پارلیمانی سیکریٹری نے اوورسیز کے حوالے سے حکومت کے پہلے 100 دن میں کی جانے والی منصوبہ بندی کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے مڈل ایسٹ اور سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں سے کہا کہ وہ کم اوراوسط درجے کی سرمایہ کاری پاکستان میں لانے کیلئے کوشاں ہیں جس کیلئے بیرون ملک رہنے والوں کو بھر پورتعاون کرناچاہئے ۔ حکومت پاکستان بیرون ملک مقیم ہم وطنوں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس ضمن میں حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کی ترغیب فراہم کرنے کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کرے گی ۔حکومت پاکستان سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کیلئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر رہی ہے جس کی تیاریاں جاری ہیں، جلد ہی طریقۂ کار کا اعلان کردیا جائے گا ۔ پارلیمانی سیکریٹری نے مزید کہا کہ بیرون ملک افرادی قوت کیلئے نئی منڈیاں تلاش کرنے اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق انہیں فنی و پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کیلئے بھی لائحہ عمل پر غور کیاجارہا ہے ۔دور جدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انتہائی اہم ہے کہ افرادی قوت کو دور حاضر کے تقاضوں سے مکمل طور پر آشنا کرایا جائے تاکہ بیرون ملک کسی طرح کی مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ موقع پر پی ٹی آئی مڈل ایسٹ مینجمنٹ کمیٹی کے ایگزیکٹو ممبر فرخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم کے حالیہ دورۂ  سعودی عرب کے بعد سعودی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی واضح طور پر نظر آرہی ہے۔ پی ٹی آئی جدہ کے صدر میاں احمد بشیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی ترقی کیلئے عمران خان کی قیادت میں ہر قسم کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔ کنول شاہ ز یب نے حاضرین کے مختلف معاملات پر سوالوں کا جواب دیا۔ آخر میں ریجن جنرل سیکریٹری انجم اقبال وڑائچ نے معزز مہمان کی تشریف آوری پر خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -ایکسپو سینٹر شارجہ میں کتاب میلہ

شیئر: