Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کشمیر کل بھی پاکستان کی شہ رگ تھا اور آج بھی ہے، یعقوب احمد خان

 مضبوط پاکستان ہی کشمیر کی بقا کی ضمانت ہے،گلگت  بلتستان کی ترقی پاکستان اور کشمیر کی ترقی ہے، سابق صدر اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کا تقریب سے خطاب
    ذ، م ۔ ریاض
    آزاد جموں وکشمیر کے سابق وزیراعظم و سابق صدر یعقوب احمد خان نے کہا کہ پاکستان سی پیک پر بھرپور توجہ دے ۔ہند کی طرح پاکستان بھی اپنا دفاع مضبوط بنائے کیونکہ ہند دفاعی بجٹ میں اضافہ کر رہا ہے جبکہ پاکستان اس میں کمی لا رہا ہے۔ اس سے طاقت کا توازن بگڑے گا ۔آزاد کشمیر کے سابق صدر و وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی کی تقریب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت نہ بنتا تو ہند کشمیر کو اپنی جاگیر بنا چکا ہوتا ، مضبوط پاکستان کشمیر کی بقا کی ضمانت ہے۔کشمیر کل بھی پاکستان کی شہ رگ تھا اور آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے ۔پاکستان کی موجودہ حکومت کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ کے پاس کوئی اور وژن ہو یا نہ ہو مگر وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کارکردگی سے بہت خوش اور مطمئن ہیں ۔ان کے پاس پیپلزپارٹی کا وسیع تجربہ ہے ۔ پاکستان کشمیر کا وکیل ہے اور اس نے دنیا کے ہر فورم پر کشمیر کے ایشو کو منظم اور عزم کے ساتھ لڑا ہے مگر اقوام عالم کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ روزانہ کشمیری شہید ہورہے ہیں مگر وہ نہ صرف ہاتھ پہ ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں بلکہ خاموش تماشائی کا کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ ہند اور پاکستان سے کہا جاتا ہے کہ وہ کشمیر سے اپنی فوجیں واپس ہٹا لیں۔ پاکستان تو اپنے ملک اور کشمیریوں کی حفاظت کر رہا ہے مگر ہندوستانی فوج درندگی اور ظلم وستم کہ مثالیں قائم کر رہا ہے۔یعقوب احمد خان نے آزاد کشمیر میں اپنے دور اقتدار کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے دور  میں میگا پراجیکٹس لگائے اور عوام کو سہولیات فراہم کیں مگر آج آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہے جس نے اپنے اقتدار سے لیکر اب تک ایک بھی پروجیکٹ شروع نہیں کیا۔ گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان اور کشمیر کی ترقی ہے۔ پیپلزپارٹی ایک ایسی جماعت ہے جس کو ہمیشہ دیوار سے لگانے کی ناکام کوشش کی جاتی رہی مگر پیپلزپارٹی پوری آب وتاب کے ساتھ نہ صرف ملکی سیاست کا اہم ستون ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی مقبول ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر  بے نظیر بھٹو تک سبھی نے کشمیر کو اپنے دل میں جگہ دی ہے۔ تقریب سے سردار رزاق احمد، احسن عباسی، اصغر قریشی، محمد خالد رانا اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور بلاول بھٹو زرداری پر مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہیں ۔ بلاول بھٹو کا وژن آج بھی اپنے نانا اور والدہ کا وژن ہے کہ پاکستان کی ترقی ہو اور پاکستان کامزدور و کسان اور عام آدمی ترقی کرے۔ تقریب کے اختتام پر سابق صدر کو ذیشان قاضی کی جانب سے سندھی اجرک پہنائی گئی جبکہ فیصل علوی کی جانب سے کتابوں کا تحفہ دیا گیا اور وسیم ساجد نے بھی تحائف پیش کیے۔
مزید پڑھیں:- -  - - -جدہ کی معروف شحصیت مرزا بیگ کےیوم پیدائش پر کمیونٹی کی جانب سے جشن سالگرہ

شیئر: