Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہرجانہ کیس : شہریار خان نے بھی نجم سیٹھی کو ذمہ دار قرار دیدیا

 
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے ہرجانہ کیس اور پی سی بی کو بھاری مالی نقصان کا ذمہ دار سابق چیئر مین نجم سیٹھی کو قرار دے دیا ۔شہریارخان نے کہا کہ میں ہمیشہ سے مذاکرات کا قائل تھا، مئی 2017میں پی سی بی نے ہندوستانی بورڈ کو نوٹس آف ڈسپیوٹ بھیجا جس میں دونوں بورڈز میں مذاکرات جاری رکھنے کی بات بھی ہوئی تھی۔ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے بیک ڈور ڈپلومیسی جاری تھی اور میری آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر اور ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے بھی کئی بار بات ہوئی تھی، وہ بھی معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرانے کے خواہاں تھے مگر نجم سیٹھی ابتدا سے ہی اس معاملے کو آئی سی سی کی ثالثی کمیٹی میں لے جانا چاہتے تھے اور انہوںنے گورننگ بورڈ ارکان کو بھی اس پر قائل کر لیا تھا۔شہریار خان نے کہا کہ میں نے اس وقت بھی یہی کہاکہ ہمارے کیس میں جان نہیں ہے، مزید خسارہ برداشت کرنا پڑ جائے گا مگر نجم سیٹھی نہ مانے تاہم یہ کیس جس وقت آئی سی سی کی تنازعات کمیٹی کو بھیجا گیا تو نجم سیٹھی ہی پی سی بی کے سربراہ بن چکے تھے۔ کیس ہارنے اور اب مقدمے کے اخراجات کی 60فیصد رقم بھی گلے پڑنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سابق چیئر مین نے کہا کہ ہندکے نہ کھیلنے سے پہلے ہی ہمیں بھاری نقصان ہو چکا ہے اور اب کیس کے اخراجات کی رقم بھی ادا کرنا ہوگی، اس کی مکمل ذمہ داری نجم سیٹھی پر ہی عائد ہوتی ہے۔اس سوال پر کہ جب وہ چیئرمین تھے اور کیس کی باتیں ہوئیں توانہوں نے اس کیخلاف واضح موقف کیوں اختیارنہیں کیا تو شہریارخان نے کہا کہ اس وقت جو صورتحال تھی اور نجم سیٹھی کو جو حمایت حاصل تھی اس کے بارے میں سب جانتے ہیں اس لئے یہ سب کچھ دہرانے کی کوئی ضرورت نہیں ۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: