Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن شپ لاہور وائٹس نے 2وکٹوں سے جیت لی

ملتان: لاہور وائٹس کی ٹیم نے قومی ٹی ٹوئنٹی چیمپیئن شپ جیت لی۔ ملتان میں کھیلے جانے والے سنسنی خیز فائنل مقابلے میں راولپنڈی کو2 وکٹ سے شکست دیدی۔راولپنڈی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 162 رنز بنائے، نوید ملک44، زاہد منصور30، حماد اعظم 22اور محمد نواز 21رنز کیساتھ نمایاں رہے۔عمید آصف اور عماد بٹ نے 2،2 شکار کئے۔ فاتح سائیڈ اچھے آغاز کے بعد 77سے 97تک کے سفر میں 4وکٹیں گنواکر مشکل میں آئی۔ناقابل شکست 35رنز بنانے والے سیف بدر نے ٹیل اینڈرز کی معاونت سے بازی پلٹ دی۔سیف بدر فائنل کے مین آف دی میچ قرار پائے۔ لاہور وائٹس نے ہدف 4گیندیں قبل 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔کامران اکمل42اور عمراکمل 34کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔ حماد اعظم کی 3وکٹیں کسی کام نہ آئیں۔ کپتان عمر امین نے 11 رنز بنائے، سعود شکیل5 رنزبنا کر چلتے بنے، انھیں وہاب ریاض نے سیف بدر کی مدد سے دھر لیا۔ دوسرے اینڈ سے مسلسل ا سکور کرنے والے نوید ملک( 44) رن آوٹ ہو گئے، محمد نواز 21رنز کا سہارا دینے کے بعد عمید آصف اور بلال آصف کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوئے تو ٹیم کا مجموعی اسکور 105 تھا۔ زاہد منصور 30کو عماد بٹ نے ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔ پیسر نے جمال انور(10) کو رن آوٹ کرکے حریف کوایک اور نقصان پہنچایا۔ حماد اعظم 22 رنز بنانے کے بعد عماد بٹ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے تو اننگز کی صرف ایک گیند باقی تھی، راولپنڈی نے 8 وکٹ پر 162کا مجموعہ پایا، سہیل تنویر4 اور خالد عثمان ایک پرناٹ آوٹ رہے۔عمید آصف اورعماد بٹ نے 2،2، ظفرگوہر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں لاہور وائٹس نے بہتر آغاز کیا۔ سلمان بٹ(13)کو محمد نواز نے ایل بی ڈبلیوآوٹ کیا توٹیم کا اسکور 42 تھا۔ کپتان کامران اکمل31 گیندوں پر 42 رنز بنانے کے بعد حماد اعظم کا شکار بنے، سیمی فائنل میں چھکے چھڑانے والے علی خان صرف 5 پر رن آوٹ ہوئے، زاہد منصور نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھام کر عمراکمل 34 کو رخصتی کا پروانہ جاری کیا تو ٹیم کا اسکور97 اور صرف 20رنز کے سفر میں 4وکٹیں گرنے کے بعد فتح مشکل نظر آنے لگی تھی، وہاب ریاض نے صرف 9 گیندوں پر 18کی اننگز کھیلی ۔ 19ویں اوور میں سیف بدر نے 2اور عماد بٹ نے ایک چھکا لگاکرمیچ آسان بنادیا، لاہور وائٹس نے ہدف 4گیندیں قبل ہی حاصل کر کے 2 وکٹ سے فتح سمیٹ لی ۔سیف بدر 35اور عمادبٹ 12 پر ناقابل شکست رہے۔ حماد اعظم نے 3 وکٹیں حاصل کیں لیکن یہ کارکردگی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔
کھیلوںکی مزیدخبریں اورتجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردو نیوزاسپورٹس" جوائن کریں
 

شیئر: