Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او کو الغامدی کا خراج تحسین

جدہ ۔۔۔  سابق سعودی سفارتکار، دانشور اور کالم نگار ڈاکٹر علی الغامدی نے محصورین بنگلہ دیش کی امداد اور مدد پر مسلم ویلفیئر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن(ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او) کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہا ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او  کی بنگلہ دیش کے کیمپوں میں محصور محب وطن پاکستانیوں کی تعلیمی اور فلاحی خدمات قابل ستائش ہیں۔ یہ بات انھوں نے ادارہ کے سینئرآرگنائزر انجینئر ابو فرحان صدیقی سے ایک ملاقات میں کہی جو ان کی رہائش گاہ پر ہوئی۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر علی الغامدی نے فرحان صدیقی کو اپنا تعاون جاری رکھنے کا یقین بھی دلایا۔ دریں اثناء ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او کا ایک خصوصی اجلاس  مقامی ریسٹور نٹ میں منعقد ہواجس کی صدارت بانی رکن خالد وجیح نے کی۔ فرحان صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ ادارہ کے دیرینہ رکن علی اکبر جہانگیر اعزازی مہمان تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرحان صدیقی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ڈی او ایک فلاحی ادارہ ہے جو محصورین بنگلہ دیش کے کیمپوں میں 1989سے فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔اس کی بنیاد بنگلہ دیش ہی سے آئے ہوئے ایک درد مند جن کا نام نثار احمد کمال ہے اس وقت رکھی جب وہ اپنے ایک دوست کی تلاش کرنے ڈھاکا گئے اور جب کیمپوں میں محصورلوگوں کی کسمپرسی دیکھی تو ان کو خیال آیا کہ ان لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔ اس وقت تک کیمپ میں کوئی بھی دوسرا فلاحی ادارہ نہیں تھا۔ فرحان صدیقی نے کہا کہ میں اس ادارہ سے  1997میں منسلک ہوا اور 2015تک جدہ سے خدمات انجام دیتا رہا۔ اب یہ کام میں کراچی سے جاری رکھے ہوئے ہوں۔ انھوں نے  بنگلہ دیش میں آدم جی کیمپ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں گزارہ الاؤنس کی تقسیم سے کام شروع ہوا پھربڑھتے بڑھتے چاٹگام، بوگرہ ، میرپور،  نو گاؤں اور راجشاہی  کے کیمپوں میں گزارہ الاؤنس کے علاوہ لڑکیوں کی شادی بیاہ، مریضوں کی طبی امداد ، رمضان المبارک میں راشن کی تقسیم اور بقرعید میں قربانی کے گوشت کے تقسیم کا کام بھی شروع ہوگیا۔ 2006سے تعلیم کی طرف خاص توجہ دی گئی اور اس وقت سب سے زیادہ تعلیم پر زور ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت آدم جی میں جو اسکول ہے وہ 8ویں جماعت تک ہے۔ ان کے علاوہ دیگر کیمپوں میں بھی بچوں کی تعلیم کے لئے مالی مدد ادارہ کرتا ہے۔بوگرہ میں بھی  ایک اسکول ادارہ کی مالی امداد سے چل رہا ہے جس میں  کیمپ کے   350  بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ادارہ کے امداد سے میرپور ڈھاکا میں ایک جنرل اینڈ میٹرنٹی کلینک میں کیمپ کے لوگوں کے لئے مفت علاج کی سہولت ہے۔  خالد وجیح نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ تمام فلاحی و تعلیمی  ادارہ  اللہ کے فضل و کرم اور آپ لوگوں کے تعاون اور مدد سے ہی پا یہ تکمیل تک پہنچ  رہے ہیں۔ قبل ازیں ا نجینیئرعبدالصبور کی تلاوتِ قران پاک سے تقریب کا آغاز ہوا۔ معروف صحافی محمد امانت اللہ نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایم ڈبلیو اینڈ ڈی او کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ میمن ویلفیئر سوسائٹی (ایم ڈبلیو ایس)کے جنرل سیکریٹری طیب موسانی نے بھی خطاب کیا اور میمن برادری کے تعاون کا اعادہ کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سید مسرت خلیل نے سر انجام دیئے۔
 

شیئر: