Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل4 : محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مقرر

اسلام آباد: پی ایس ایل کی دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یو نا ئیٹڈ نے فاسٹ بولر محمد سمیع کو پی ایس ایل 4 کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان مقرر کردیا ہے جبکہ شاداب خان ان کے نائب ہوں گے۔یاد رہے کہ اب تک اس ٹیم کے قائد مصباح الحق تھے لیکن انہوں نے اب یہ فرنچائز چھوڑ دی ہے ۔محمد سمیع کو کپتان بنانے کا اعلان اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے پریس کانفرنس کے دوران ویڈیو پیغام میں کیا۔اس موقع پر محمد سمیع نے کہا کہ کپتان کی ذمہ داری کا اہل سمجھنے والی فرنچائز انتظامیہ کا شکر گزار ہوں، پوری کوشش کروں گا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی کا معیار پی ایس ایل 4 میں بھی برقرار رہے۔محمد سمیع نے کہا کہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے شاداب خان کے نائب کپتان ہونے سے ان پر کوئی دباو نہیں ہوگا، آل راونڈر کی معاونت سے ٹیم کو فتوحات کی راہ پر گامزن رکھنے کی کوشش کروں گا۔ شاداب خان کو مستقبل کیلئے تیار کر رہے ہیں، نوجوان لیگ ا سپنر نے آنے والے وقت میں قیادت سنبھالنی ہے۔ادھرفاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ فٹنس مسائل سے نجات پالی ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے بیتاب ہوں۔ رومان رئیس نے کہا کہ مشکل وقت میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی مینجمنٹ نے بہت ساتھ دیا جس پر ان کا شکر گزار ہوں۔ ان فٹ ہونے کے دوران میدان میں واپسی کیلئے کوشاں رہا، گھٹنے کی سرجری ہوئی، بحالی اور فٹنس کیلئے سرگرم رہا۔ وزن بھی کم کیا اور اب پی ایس ایل 4 میں فٹنس اور فارم دونوں نظر آئیں گے۔ گزشتہ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے پھسل جانے سے رومان رئیس کا دایاں گھٹنا زخمی ہوگیا تھا اور بعد ازاں وہ ایونٹ کا کوئی بھی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔
  کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو  نیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: