Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی باورچی خانے کی روایت اور پہچان!

حسین شکبشی ۔ عکاظ
چند روز قبل ہی میں ہندوستان کے سفر سے واپس آیا ہوں۔عظیم تاریخ رکھنے والے ملک کا سفر اچھا رہا۔ یہ وہ ملک ہے جسے اپنی منفرد تاریخ اور شاندار ورثے پر فخر ہے۔ اہل ہند اپنے باورچی خانے پر بھی بڑا ناز کرتے ہیں۔ ہندوستان کے طول و عرض میں باورچی خانے کے حوالے سے مختلف قسم کے اسکول پائے جاتے ہیں۔ میں نے ”ہندوستان میں کھانے کی تاریخ “ کے زیر عنوان انگریزی میں ایک بڑی دلچسپ اور خوبصورت کتاب کا مطالعہ کیا۔ اس میں ہندوستانی کھانوں کا بھرپور تعارف کرایا گیا ہے۔ مجھے اس کتاب کا مطالعہ اچھا لگا۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں کونسے کھانے رائج ہیں اور انہیں کس طرح سے تیار کیا جاتا ہے۔ ہندوستانی صوبہ پنجاب کے اپنے کھانے ہیں۔ ہندوستان میں نان، تندوری، تکہ اور انواع و اقسام کے پنیر سے تیار کئے جانے والے کھانے بھی مشہور ہیں۔ پنجاب ڈیری فارم مصنوعات میں پورے ہندوستان میں سب سے اہم صوبہ مانا جاتا ہے۔ اس حوالے سے یہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔ حیدرآباد دکن میں انواع و اقسام کی بریانی اپنا شہرہ رکھتی ہیں۔ دہلی کے سموسے مشہور ہیں۔
اس حوالے سے مجھے باورچی خانے، انواع و اقسام کے کھانوں او رطعام سازی کے آرٹ کے حوالے سے فرانس بھی یاد آرہا ہے جہاں کھانوں کا اپنا ایک کلچر ہے۔
ہندوستان اور فرانس کو دیکھتے ہوئے مجھے سعودی باورچی خانے اور اس کے لذیذ و معروف و کامیاب کھانوں کا تذکرہ ضروری معلوم ہوتا ہے۔ ان دنوں سعودی عرب میں کھانوں کا کلچر مقبول او رمعروف ہوتا جارہا ہے۔ یہاں مختلف علاقوں میں مختلف قسم کے کھانے بنائے اور کھائے جاتے ہیں۔ الاحساءمیں ایک کھانا بیحد شاندار مانا جاتا ہے جسے ”المفلق“ کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے۔ جو بھی یہ کھانا ایکبار کھا لیتا ہے اسکا دیوانہ ہوجاتا ہے۔ یہ بات ”المضروبہ“، المثخول، السلقیہ، الصالونہ اور الثرید پر بھی صاد ق آتی ہے۔ نجد کے کھانوںمیں المرقوق، الجریش، البادیہ، المطازیز اور الحنینی بڑے مشہور ہیں جبکہ حائل میں کبیبہ کا نام سرفہرست آتا ہے۔ الدولمہ نامی کھانے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ اہل حائل اس میں بڑے ہنر مند مانے جاتے ہیں۔ جیزان میں المغش، المرسا، السمک ، المکشن اور المفالت کھانے بڑے مقبول ہیں۔ عسیر میں الحنیذ، العریکہ، القرص، الفطیر، السویک ۔نجران میں الوفد ، البر، السمن، الرقش، الحمیسہ۔حجاز میں المنتو، المطبق، رزبخاری، السلیق، الدبیازہ، کابلی بریانی، المعدوس، التمیس، الکباب او رمیرو کھانے بیحد اہم ہیں۔ انکے علاوہ اور بھی بہت سارے کھانے ہیں جو سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں انتہائی اہتمام سے بنائے اور انتہائی دلچسپی سے کھائے جاتے ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ ہمیں بھی ہندوستان اور فرانس کی طرح اپنے یہاں کے کھانوں کی خصوصیات پر مشتمل کتاب تیار کرکے کھانوں کا ریکارڈ محفوظ کرلینا چاہئے۔ قدیم زمانے سے رائج کھانے آباﺅ اجداد کی پسند کی علامت مانے جاتے ہیں۔ اہل الاحساء عراق ، خلیجی ممالک ، ایران او رترکی کے کھانوں سے متاثر ہیں۔ اہل نجد عراقی کھانوںکے دیوانے مانے جاتے ہیں۔ حجاز پر پوری دنیا کا اثر ہے۔ حائل کی اپنی ایک تاریخ ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر: