Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں پاکستان تحریک انصاف وومن ونگ کا اجلاس

ملکی سلامتی کیلئے وزیر اعظم کے اقدامات قابل ستائش ہیں ، شرکاء
جاوید راہو۔۔ جدہ
 
پاکستان کے موجودہ حالات پر تحریک انصاف ویمن ونگ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پاک و ہند کے مابین کشیدگی کے حوالے سے  وزیراعظم عمران خان کی امن کی کوششوں اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو خوب سراہا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی ویمن ونگ جدہ کی صدر ثناء شعیب کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے۔ اس نے دہشت گردی کی ایک طویل جنگ لڑی ہے اور اپنے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے لئے بھرپور کام کیا ۔  وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہندوستانی پائلٹ کی واپسی کے فیصلے کو پوری دنیا میں خیر مقدم کیا جارہا ہے جس سے پاکستان کی نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے۔ نائب صدر سائرہ قمر نے کہا کہ پاکستان امن کا داعی ہے، اس نے ہمیشہ امن کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے ہیں جبکہ ہندکے ساتھ بھی مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے ہیں۔جنرل سیکریٹری نادیہ عثمان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان حقیقت میں نوبل انعام کے حقدار ہیں کیونکہ انہوں نے جنگ کے ماحول میں عقلمندی اور سمجھداری کے ساتھ فیصلے کیے۔ اوورسیرز پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انکی قیادت پر فخر کر رہے ہیں۔ اجلاس میں دیگر خواتین نے بھی خطاب کیا اور پاک سعودی تعلقات کو بھی سراہا اور کہا کہ جس طرح ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو استوار کیا ہے، اس سے دونوں ملک مزید نزدیک ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:- - -  -اسلامی یونیورسٹی مدینہ منورہ میں طلباء ثقافتی میلہ

شیئر: