Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رامپور: محمد علی جوہر یونیورسٹی کے اردو گیٹ پر بلڈوزر چلادیا گیا؟

رام پور ۔۔۔۔سماج وادی پارٹی کے سینیئر رہنما اور یوپی کے سابق کابینہ وزیر اعظم خان کی جانب سے قائم کردہ محمد علی جوہر یونیورسٹی کے اردو گیٹ کوضلع انتظامیہ نے بلڈوزر چلا کر منہدم کردیا۔ الزام ہے کہ اقتدارکے دوران انہوں نے عام شاہراہ پر غیر معیاری گیٹ تعمیرکرانے کے بعدزمین یونیورسٹی کے قبضے میں لے لی تھی۔بدھ کو ضلع انتظامیہ اور پولیس ٹیم  یونیورسٹی پہنچ کر انہدامی کارروائی شروع کردی۔ ڈی ایم آنجنے کمار سنگھ نے بتایا کہ اس گیٹ کو سی این ڈی ایس نے رکن اسمبلی( ایم ایل اے) فنڈ سے تعمیر کیا تھا۔اس کی تعمیر میں کسی قواعد و ضوابط کا لحاظ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی روڈ پر اسپیڈ بریکر بھی بنایا جاتا ہے تو اس کیلئے ضلع انتظامیہ سے اجازت لینی پڑتی ہے  مگر یہ گیٹ کسی اجازت کے بغیر تعمیرکردیا گیا۔ڈی ایم نے بتایا کہ مولانا محمد علی جوہر اردو یونیورسٹی  ضلع رامپور کو ریاست اتراکھنڈ سے جوڑنے والی شاہراہ  پرواقع ہے۔ شاہراہ پر گیٹ تعمیر ہونے سے گاڑیوں کو شہر سے ہوکر گزرنا پڑتا تھاجس سے علاقے میں ٹریفک اژدہام پیدا ہوجاتا تھا۔آنجنے کمار نے گیٹ کی تعمیر کو ایم ایل فنڈ کا ناجائز استعمال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملےمیں سی این ڈی ایس کے افسران کیخلاف کارروائی کیلئے حکومت کو خطوط ارسال کردیئے گئے۔واضح ہو کہ سماج وادی پارٹی کے دور اقتدار میں اردو گیٹ کی تعمیر پر 40لاکھ روپے خرچ کئے گئے تھے۔بی جے پی کی حکومت قائم ہوتے ہی اعظم خان کے سیاسی حریف سمجھے جانے والے کانگریس کے سابق رکن اسمبلی کاظم علی خان ، بی جے پی رہنما آکاش کمار سکسینا اور کانگریس کے رکن فیصل خان نے ریاستی حکومت کو شکایت نامہ ارسال کیا تھاجس پرحکومت نے گیٹ منہدم کرنے کی ہدایت جاری کی۔
مزید پڑھیں:- - - - -سی جی او کمپلیکس میں آتشزدگی؟،سی آئی ایس ایف انسپکٹرہلاک

 

شیئر: