Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اختلاف رائے کو انا کا مسئلہ بنالینا جماعتوں کیلئے نقصان کا باعث ہو تا ہے ، سید مطیع اللہ

پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے جمعیت میدان عمل میں موجود ہے ، سابق گورنر بلوچستان کا جے یو آئی جدہ میں تقریب سے خطاب
کمیونٹی ڈیسک ۔جدہ
    جمعیت علمائے اسلام جدہ کا ماہانہ اجلاس ڈپٹی سیکریٹری جنرل قاری واقف شاہ کی میزبانی میں ان کی رہائش پرمنعقد ہوا۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز قاری حفیظ اللہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پاکستان سے خصوصی طور پر جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور سابق گورنر بلوچستان و سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی سید مطیع اللہ آغا اور مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن حافظ عبد المالک نے شرکت کی ۔ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام سعودی عر ب کے قائم مقام صدر مولانا غلام رسول مینگل، مولانا مراد بخش اور مکہ مکرمہ کے دیگر ساتھیوں  کے علاوہ جدہ عاملہ کے اراکین نے شرکت کی۔جمعیت علمائے اسلام جدہ کے امیر مولانا یوسف خان لغاری نے جماعتی وحدت اور استقامت کے ساتھ جماعت سے جڑنے کی ترغیب دی ۔ مہمان خصوصی سید مطیع اللہ آغا نے اپنے خطاب میںجدہ میںجماعت کی فعالیت پر اراکین کو خراج تحسین پیش کیا اور جماعت میں اتحاد و اتفاق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے ایک مستحسن قدم ہوتا ہے تاہم اختلاف رائے کو انا کا مسئلہ بنانا کسی بھی جماعت کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخلص اور نظریاتی کارکن کی شناخت ہی یہی ہے کہ وہ خلافِ رائے فیصلہ کو بھی دل و جان سے تسلیم کرتے ہوئے اجتماعیت کے فیصلے کا احترام کرے۔ مطیع اللہ آغا نے مزید کہا کہ اس وقت الحمد للہ جمعیت علمائے اسلام ہی میدان عمل میں ہر قسم کی باطل قوتوں کے خلاف پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی جنگ لڑ رہی ہے ۔ بعد ازاں جمعیت جدہ کے سینیئر نائب امیر سید کامران اعظم نے جدہ جماعت کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کیلئے جدہ جماعت کے کارکن ہمہ وقت تیار اور ہر قسم کی خدمت کیلئے خود کو پیش کرتے رہتے ہیں۔ سفارتخانوں کا وزٹ ہو یا پھر ماہانہ اجلاس میں حاضری یا پھر جدہ میں مقیم کمیونٹی کے مختلف لوگوں سے ملاقات کرنا میںجمعیت جدہ ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔اجلاس کی کارروائی جمعیت علمائے اسلام جدہ کے سیکریٹری جنرل انجینئر عبد الصبور  نے احسن انداز میں چلائی  اورمہمانان گرامی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر جدہ جماعت کی عزت افزائی کی۔ آخر میں جمعیت علمائے  اسلام سعودی عرب کے قائم مقام امیر کی دعا سے اس پروقار تقریب کا اختتام ہوا۔
 
مزید پڑھیں:- - -- -مجلس اتحاد المسلمین کے 61 سال مکمل ، بزم اتحادکا جشن

شیئر: