تھائی لینڈ کے سکول میں طالب علم کی فائرنگ سے چھ ہلاک، ’پہلے داد دادی کو بھی قتل کیا‘
مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والا بھی مارا گیا (فوٹو: روئٹرز)
تھائی لینڈ میں ایک ٹین ایج طالب علم کی سکول اور گھر پر فائرنگ سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق واقعہ جمعے کو بینکاک کے ایک سکول میں اس وقت پیش آیا جب ایک طالب علم اسلحے سمیت سیکنڈری سکول پہنچا اور فائرنگ کر دی، جس سے تین طلبہ اور تین ٹیچرز ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ملزم نے گھر میں اپنے دادا دادی کو بھی قتل کیا۔
طالب علم نے حملے کے لیے اپنے دادا کا پستول استعمال کیا اور اس کے بعد سکول پہنچا۔
واقعے کی خبر پھیلتے ہی درجنوں کی تعداد میں پولیس اہلکار سکول پہچنے جبکہ بڑی تعداد میں بچوں کے والدین بھی سکول کے باہر جمع ہو گئے۔
واقعے کے بعد بچے بہت خوفزدہ دکھائی دے۔
’ایسا لگا کہ مرنے والی ہوں‘
ایک طالبہ پاوارسا مائیلسیا کا کہنا تھا کہ ’مجھے ڈر تھا کہ میں مرنے والی ہوں اور شاید اپنے خواب پورے کرنے کے قابل نہ رہوں۔‘
ان کے مطابق ’میں نے گولیاں چلنے کی کافی آوازیں سنیں جبکہ خول فرش پر گرنے کی آوازیں بھی سنیں، وہ ہمارے قریب ہی لگ رہا تھا۔‘
نائب وزیر داخلہ پولاپی سوونچوی کا کہنا ہے کہ واقعے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، مگر وہ گولیوں کی زد میں آنے کی وجہ سے زخمی نہیں ہوئے بلکہ گھبراہٹ میں بھاگنے کی کوشش میں زخمی ہوئے۔
فائرنگ کرنے والے کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ اس سکول کا سٹونٹ ہے اور مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ واقعے میں وہ خود بھی مارا گیا تھا۔
’یہ کیسے ہو سکتا ہے؟‘
کچھ رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ مشتبہ حملہ آور کو پولیس نے گولی ماری جبکہ بعض ایسی رپورٹس بھی ہیں کہ اس نے خودکشی کی۔
تھائی لینڈ کے وزیراعظم انوتین چارنویراکل نے واقعے کے بینکاک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انتہائی خوفناک واقعہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، ہمارے ملک میں ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔‘
مقامی میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں حملہ آور ایک جامنی رنگ کی سکول یونیفارم میں دکھائی دے رہا ہے جس کے پاس ایک سیاہ بیگ ہے، کچھ تصاویر میں فرش پر گولیوں کے خول بھی دکھائی دے رہے ہیں۔
تھائی لینڈ کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں اسلحہ رکھنے کی شرح بہت زیادہ ہے۔
ایک اندازے کے مطابق اس وقت ملک میں ایک کروڑ کے قریب آتشیں اسلحے پر مشتمل اشیا گردش میں ہیں یعنی ہر سات افراد کے لیے ایک ہتھیار۔
ماضی میں حکومت کی جانب سے اسلحے سے متعلق قوانین سخت کیے جانے کے دعوؤں کے باوجود بھی فائرنگ کے واقعات کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔
فروری میں بھی تھائی لینڈ میں ملک کے جنوبی حصے کے ایک سکول میں فائرنگ کرنے والے ایک نوجوان کو گولی مارنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا، اس واقعے میں سکول کے پرنسل ہلاک اور دو طلبہ زخمی ہوئے تھے۔