کشمیر انتخابات: ’امن و امان سے متعلق تحفظات‘ پر پونچھ اور پلندری میں پولنگ ملتوی
پاکستان کے زیرِانتظام جموں کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ضلع پونچھ اور ضلع پلندری (سدھنوتی) میں پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔
کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ’یہ فیصلہ سیکرٹری داخلہ حکومت کی رپورٹ اور بعض سیاسی شخصیات کے علاوہ امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں کے بعد کیا گیا جن میں دونوں اضلاع میں امن و امان سے متعلق سنگین تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔‘
الیکشن کمیشن کے جمعے کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق 10 اگست کو طے شدہ پولنگ اب ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے حلقوں میں نہیں ہو گی تاہم ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں ووٹنگ طے شدہ شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی ہو گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پونچھ اور پلندری میں الیکشن ملتوی کرنے کا بنیادی مقصد آزادانہ، منصفانہ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانا ہے اور ان اضلاع میں انتخابات کے لیے نظرِ ثانی شدہ شیڈول کا اعلان حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد میں کیا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ الیکشن کے پہلے دو مرحلوں میں مسلم لیگ ن کو 24 نشستوں پر جبکہ پیپلز پارٹی کو 10 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے پہلے تیسرے مرحلے کی پونچھ ڈویژن میں 11 نشستوں پر پولنگ کے لیے 10 اگست کی تاریخ کا اعلان کر رکھا تھا۔
پاکستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 53 نشستوں میں سے 45 پر براہ راست انتخاب ہوتے ہیں۔ ان میں سے 12 نشستیں پاکستان کے مختلف صوبوں میں مقیم مہاجرین کشمیر کی ہیں۔
اب 10 اگست کو ضلع باغ کی تین اور ضلع حویلی کی ایک نشست کے لیے پولنگ ہو گی جبکہ ضلع پونچھ اور ضلع پلندی کی 8 نشستوں پر پولنگ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
