پی سی بی کی کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد
پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر نے ویزا درخواست جمع کراتے وقت مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں۔(فوٹو:انسٹاگرام)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو ڈومیسٹک کرکٹر حمزہ نذر پر 2 سال کی پابندی عائد کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے جرمانہ کردیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق حمزہ نذر نے ویزا درخواست جمع کراتے وقت مکمل اور درست معلومات فراہم نہیں کیں جبکہ بعض اہم معلومات بھی چھپائیں۔
اس معاملے کی تحقیقات کے لیے پی سی بی نے 3 رکنی انکوائری کمیٹی بنائی تھی، جس نے حمزہ نذر کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا۔
کمیٹی نے حمزہ نذر کا مؤقف سننے اور دستیاب معلومات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ پی سی بی کو پیش کی۔
رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی نے حمزہ نذر کو 2 سال کے لیے تمام ملکی اور بین الاقوامی کرکٹ سرگرمیوں سے معطل کرنے کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔
رپورٹس کے مطابق 31 سالہ حمزہ نذر کا تعلق پنجاب کے شہر پھالیہ سے ہے۔ وہ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ اور آف سپن بولنگ کرتے ہیں۔
حمزہ نذر ماضی میں منڈی بہاؤالدین، لاہور ریجن بلوز، پاکستان ریلویز، نیشنل بینک آف پاکستان انڈر 19، خان ریسرچ لیبارٹریز اور سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی سینئر قومی ٹیم کی جانب سے اب تک کوئی ٹیسٹ، ون ڈے یا ٹی20 انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا، تاہم ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی کارکردگی قابل ذکر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2025-26 کی پریذیڈنٹس ٹرافی میں خان ریسرچ لیبارٹریز کی نمائندگی کرتے ہوئے حمزہ نذر نے 6 میچز کی 10 اننگز میں 385 رنز بنائے۔
اس دوران ان کی بیٹنگ اوسط 42.78 رہی جبکہ ان کا سب سے بڑا سکور 175 رنز تھا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری بھی بنائی۔
پریذیڈنٹس ٹرافی کے ایک میچ میں حمزہ نذر نے غنی گلاس کلب کے خلاف 80 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز بھی کھیلی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ ویزا درخواست میں غلط معلومات دینا، اہم حقائق چھپانا یا گمراہ کن معلومات فراہم کرنا سنجیدہ معاملہ ہے۔
بورڈ کے مطابق پاکستان کرکٹ سے وابستہ افراد سے دیانت داری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ رویے کی توقع کی جاتی ہے۔