Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ایس ایل4 :کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن بن گئی

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے سیزن 4کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے پی ایس ایل چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پشاورزلمی کی جانب سے 139 رنز کا  ہدف صرف 2 وکٹوں پر مکمل کرکے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کر لی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کو ترجیح دی۔ پشاورزلمی کے بلے باز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے بہتر کھیل پیش نہ کرسکے اور رنز بنانے کی کوشش میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے۔ اوپنرز امام الحق اور کامران اکمل نے محتاط انداز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم امام الحق 3 رنز پر اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے پیسر محمد حسنین کا شکار ہوگئے جس کے بعد 31 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل بھی21 رنز بنا کرآوٹ ہوگئے ، تیسری وکٹ 62 رنز پر صہیب مقصود کی صورت میں گری جو 20 رنز بنا کرآوٹ ہوئے۔ عمرامین نے کچھ مزاحمت کی اور 38 رنز بناسکے ،نبی گل 9، پولارڈ7، کپتان ڈیرن سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا کرآوٹ ہوئے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے حسنین نے30رنز دیکر 3 مضبو ط بیٹسمینوں کو آوٹ کر کے مین آف دی فائنل میچ کا اعزاز حاصل کیا، براوو نے 2، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پشاور زلمی مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 138 رنز ہی بنا سکی۔ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز کی خوبصورت ناٹ آوٹ اننگز کھیلی ۔ شین واٹسن صرف 7رنز بنا کر بدقسمتی سے رن آوٹ ہوگئے ، احسان علی 25 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، روسو 39 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ وہاب ریاض کے علاوہ پشاور زلمی کے کوئی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جیت کے ساتھ ہی اسٹیڈیم کوئٹہ کے حق میں نعروں سے گونج اٹھا اور فاتح ٹیم نے گراونڈ کا چکر لگا کر تماشائیوں کے نعروں کا جواب دیا۔ سرفراز الیون کو تماشائیوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی۔ واضح رہے 2017 ءمیں پی ایس ایل 2کے فائنل میںیہ دونوں ٹیمیں مدمقابل تھیں جس میں پشاور زلمی نے فتح حاصل کی تاہم سیزن 4میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے فائنل میں شکست کا بدلہ لے لیا۔
کھیلوں کی  مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ" اردونیوزاسپورٹس" جوائن کریں

شیئر: