سابق آئی اے ایس افسر225کروڑ کی خفیہ جائداد وں کا مالک نکلا، دستاویزات ضبط
لکھنؤ۔۔۔اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اور بی ایس پی سربراہ مایاوتی کے قریبی سابق آئی اے ایس نیترام کے مختلف ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس نے چھاپہ کی کارروائی کی۔محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ سابق آئی آیس نیترام نے جن دستاویزات میں جائدادوں کی قیمت 100کروڑ روپے ظاہر کی ہے ، حقیقت میں وہ 225کروڑ روپے کی ملکیت ہے۔این بی ٹی کے مطابق بہوجن سماج پارٹی کی حکومت میں اہم عہدوں پر فائز رہنے والے اتر پردیش کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر نیترام کے ٹھکانوں پر گزشتہ روزچھاپہ مہم کے دوران 1.64کروڑ روپے نقد اور 50لاکھ روپے کے پین ،4قیمتی گاڑیاں اور 225کروڑ روپے کی خفیہ جائدادوں کی دستاویزات ضبط کئے ۔محکمہ انکم ٹیکس کے ذرائع کے مطابق نیترام کی جانب سے ممبئی ، کولکتہ اور دہلی میں خریدی گئیں خفیہ جائدادوں کوآئی ٹی ایکٹ کی دفعہ132(9) کے تحت منگل کو منسلک کیا ہے۔واضح ہو کہ نیترام2007ء سے 2012تک مایاوتی کے جنرل سیکریٹری بھی رہے۔ ان کے رعب و دبدبہ کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جنرل سیکریٹری ہونے کے دوران ان سے ملاقات کیلئے بڑے بڑے رہنماؤں کو وقت لینا پڑتا تھا۔