Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نشے میں ڈرائیونگ: سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان کو 7ہزار ڈالر کا جرمانہ

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان دیمتھ کرونارتنے کو شراب کے نشے میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتاری کے بعد سری لنکا کرکٹ بورڈ نے ان 7ہزار ڈالر کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
 اتوار کودیمتھ کرونارتنے شراب کے نشے میں گاڑی چلا رہے تھے جب انہوں نے تین پہیوں والی ٹیکسی کوٹکر ماری ۔ 
مجسٹریٹ نے دیمتھ کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا تھا۔  اس مقدمے کی اگلی سماعت کی دو مئی کو ہوگی۔ مجسٹریٹ نے کھلاڑی کا طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم دیا تھا۔
دوران سماعت پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ دیمتھ کرونارتنے نے ٹریفک سگنل توڑکر ٹیکسی کو ٹکر ماری تھی۔  جس پر ٹیکسی ڈرائیور کو معمولی زخم بھی آئے تھے۔
گرفتاری اور جیل میں بند ہونے کے بعد سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان نے مداحوں سے اپنے نامناسب فعل کی معافی مانگ لی ہے ۔
 سری لنکا کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق کرونارتنے کو معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر سات ہزار ڈالر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان میں دیمتھ کرونارتنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ماضی میں انہوں نے بطور کھلاڑی اعلیٰ پیشہ وارانہ معیا ر قائم رکھا، اس لیے ان کے خلاف مزید کاروائی نہیں کی جائے گی۔‘
 یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب 30 مئی کو ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کے کپتان کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ کرونارتنے نے گذشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز میں سری لنکا کو شاندار فتح دلوائی تھی۔
اس واقع سے پہلے ورلڈ کپ میں سری لنکا ٹیم کی کپتانی کے لیے کرونارتنے کا نام مضبوط ترین امیدواروں میں شامل تھا۔

شیئر: