Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گرین سِٹی انیشیٹِیو‘ مدینہ میں 21 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ

اس کا مقصد درجۂ حرارت کو گھٹانا اور شہری مناظر کو خوبصورت بنانا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ میونسپلٹی نے ’گرین سِٹی انیشیٹِیو‘ کا افتتاح کیا ہے تاکہ شہر میں سرسبز مقامات کو وسعت دی جا سکے، زندگی کی کوالٹی بہتر ہو اور ماحولیاتی پائیداری میں اضافہ کیا جا سکے۔
اس انیشیٹِیو کا مقصد مدینہ شہر میں 21 لاکھ درخت لگا کر سبزے میں اضافہ، کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی، درجۂ حرارت کو گھٹانا اور شہری مناظر کو خوبصورت اور بہتر بنانا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس انیشی ٹِیو سے قدرتی وسائل کو حتی الامکان فائدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا اور شہریوں کی تندرستی کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
یہ منصوبہ ’سعودی گرین انشیٹِیو‘ اور ’سعودی وژن 2030 ‘ کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ اس پر عمل درآمد کے لیے ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے درختوں کی سمارٹ ٹیگنگ کی جائے گی تاکہ ان کی صحت اور نشوونما کی نگرانی کی جا سکے۔
منصوبے کے تحت سڑکوں، پارک اور آس پاس کے علاقوں میں شجر کاری کرنے اور شہر کو سرسبز بنانے میں مدینہ شہر کی رہنمائی کو تقویت حاصل ہوگی۔ ماحولیات کے لیے رضاکاری اور کمیونٹی کی شراکت کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
یہ انیشیٹِیو شہر میں سیاحتی تجربے کو بہتر بنائے گا اور مدینے کو ایک پائیدار سبز شہر کے ماڈل کے طور پر سامنے لائے گا جس میں اسلامی ورثہ اور پائیداری کے جدید مقاصد ہم آہنگ ہو جائیں گے۔

 

شیئر: