Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حنوطی بلیوں اور چوہوں سے بھری ہوئی مصر میں میاں بیوی کی قبر دریافت

مصر کی وزارت آثار قدیمہ نے اعلان کیا ہے کہ سوہاج صوبے کے اخمیم شہر میں الدیابات علاقے میں میاں بیوی کی ایک قبر دریافت ہوئی ہے ۔یہ حنوطی بلیوں اور چوہوں سے بھری ہوئی ہے ۔ 
سی این این نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ’’توتو‘‘اور اس کی بیوی ’’تاشریت ایزیس‘‘کا تعلق بطالمہ کے دور سے ہے ۔ توتو نامی خاتون حتحور دیوتا کیلئے سازندہ کے وظیفے پر مامور تھی ۔ 
آثار قدیمہ کی سپریم کونسل کے سیکریٹری جنرل مصطفی وزیری نے بتایاکہ یہ خطے کی انتہائی اہم دریافت ہے ۔ 

مصری وزارت آثار قدیمہ نے اپنی ویب سائٹ پران انسانی باقیات اورحنوطی جانوروں اور پرندوں کی تصاویر جاری کی ہیں جو مذکورہ قبر سے برآمد ہو ئی ہیں۔یہ دریافت عجیب و غریب شکل میں ہوئی ۔ الدیابات کے علاقے میں تاریخی چٹان کے باہر ایک گروہ مذکورہ آثار قدیمہ کی چوری کیلئے پہنچا ہوا تھا ۔ پولیس ان کے تعاقب میں تھی ۔ اسی گہما گہمی میں مذکورہ قبردریافت ہو گئی ۔ 
مصری وزارت نے بتایا کہ سیاحتی پولیس کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے پر ماہرین آثار قدیمہ نے مقام مذکور پر تاریخی کھدائی شروع کر دی ۔ 

دریافت شدہ مقبرہ دوکمروں پر مشتمل ہے ۔ دونوں بہت اچھی حالت میں ہیں ۔ ان کے نقوش خوبصورت ہیں ۔ رنگ تیز ہیں ۔ مقبرے کے دروازے کے دونوں جانب دیو تا انوبیس کی تصاویر بنی ہوئی ہیں جن میں دیوتا توتو اور تاشریت ایزیس کا خیر مقدم کر رہا ہے ۔ علاوہ ازیں اوزوریس دیوتا کے سامنے مقدمے کی سماعت کا منظر بھی دیواروں پر نقش ہے ۔مقبرے کے اہلخانہ کے والدین ، خوشدامن اور سسرکے نام بھی تحریر ہیں ۔
 

شیئر: