Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک، وٹس ایپ ، انسٹا گرام کی سروس عارضی معطلی کے بعد بحال

دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک اور اس کی ذیلی سماجی رابطوں کی ایپلی کیشنز انسٹاگرام اور وٹس ایپ کی سروس بحال ہو گئی ہے ۔ 
اتوار کو پاکستان، انڈیا، اور یورپ سمیت دنیا بھر کے مختلف ممالک میں معطل سوشل میڈیا کی بڑی ویب سائٹس کے سرورز میں مسائل کی وجہ سے صارفین کو رابطوں میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
سروس کی معطلی کے دوران کچھ صارفین کو یہ پیغام مل رہا تھا کہ ’یہ ایپلیکشنز مرمت کے لیے معطل کی گئی ہیں، ہم جلد مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ چند منٹ بعد واپس آئیں، آپ کے تحمل کا شکریہ۔‘
انسٹاگرام کے صارفین کو لاگ ان کرتے ہوئے سکرین پر لکھا آرہا تھا کہ ’آپ اس وقت انسٹاگرم کو نہیں کھول سکتے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ انٹرنیٹ سے منسلک ہیں اور دوبارہ کوشش کریں۔‘
سروس معطلی کے دوران سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی نگرانی کرنے والی ڈاؤن ڈیٹیکٹر نامی ویب سائٹ پر فیس بک اور دیگر ایپلیکشنز کی معطلی کے حوالے سے ہزاروں شکایات موصول ہوئیں۔
سوشل میڈیا صارفین اس بارے میں رائے کے اظہار کے لیے  ٹویٹر کا استعمال کر تے رہے ۔ پاکستان سمیت عالمی سطح  بھی فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سے متعلقہ ٹرینڈز سرفہرست رہے۔ 
’آئی جی: دی سرکل آن لائن‘ نامی ایک ٹویٹر صارف نے لکھا ہے کہ 'مجھے یقین ہے کہ میں اکیلا ٹویٹر پر یہ چیک کرنے نہیں آیا کہ واٹس ایپ واقعی معطل ہے یا نہیں۔'
’اف یو جسٹ سمائل‘ نامی ایک ٹویٹر  ہینڈل نے لکھا کہ 'یہ کتنا مضحکہ خیز ہے کہ ٹویٹر ابھی بھی چل رہا ہے۔'
’چیپٹر 5 ایس او‘ نامی ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ 'بس اب فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ ٹویٹر پر آئیں گے۔'
مائیکل جنٹنگ نے ٹویٹ کیا کہ 'مجھے لگا کہ میرے انٹرنیٹ کے ساتھ کچھ مسئلہ تھا۔'
خیال رہے کہ فیس بک نے انسٹاگرام کو سنہ 2012 اور واٹس ایپ کو سنہ 2014میں خریدا تھا ۔ 
فیس بک کے مطابق اس کے متحرک صارفین کی تعداد ایک ارب 52 کروڑ ہے جو روزانہ سائٹ پر آتے ہیں ۔ 

شیئر: