پٹرول كی قیمت میں اضافہ،سعودی شہریوں کا الائونس بھی بڑھ گیا

ریاض...سعودی عرب نے پٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان کردیا ۔ متعدد خلیجی ممالک کے بعد سعودی عرب نے بھی تیل کے نرخناموں کا جائزہ لیکر اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔
سعودی آرامکو کمپنی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار سے پٹرول 91 کی قیمت 1.44ریال فی لٹر ہوگی۔اسی طرح پٹرول 95کی قیمت 2.10ریال فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
قبل ازیں پٹرول 91 کی قیمت 1.37 ریال فی لیٹر جبکہ پٹرول 95کی قیمت 2.02ریال فی لٹرتھی۔
آرامکو کمپنی نے اعلامیہ میں کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاوکے باعث مقامی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی بیشی کی جاسکتی ہے۔ 
دوسری جانب وزارت توانائی و صنعت و معدنیات نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں کا جائزہ ہر 3ماہ بعد لیا جائیگا۔ مارکیٹ کی مناسبت سے مقامی مارکیٹ میں بھی اتار چرھاو کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ دیگر خلیجی ممالک میں ہر ماہ پٹرول کی قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاوکی مناسبت سے مقامی مارکیٹ میں قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔ 
 دریں اثناءشہریوں کو ماہانہ الاونس دینے والے ادارے ”حساب المواطن“کے ترجمان سلطان القحطانی نے کہا ہے کہ سعودی شہریوں کو اس ماہ دینے جانے والے الاونس میں اضافہ کردیا گیا ۔ یہ اضافہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے پر کیا گیا ہے۔ 
القحطانی نے کہا کہ حکومت نے شہریوں کے ماہانہ الاونس کی مد میں اس مرتبہ 10بلین ریال جمع کروائے ہیں جن میں سے 676ملین ریال پٹرول کی قیمت میں اضافے کا معاوضہ ہے۔
 

شیئر: