لاہور: ڈیفنس میں آذربائیجان کی خاتون سے ’اجتماعی زیادتی‘ کا واقعہ، ملزمان کی تلاش جاری
لاہور کے علاقے ڈیفنس میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والے 20 برس کی ایک خاتون سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
لاہور پولیس کے مطابق ’آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی 20 سال کی خاتون کاروبار کے سلسلے میں پاکستان آئی تھیں اور وہ گذشتہ 15 روز سے رائے ونڈ روڈ کے قریب رہائش پذیر تھیں۔‘
جمعے کی شام دو نامعلوم خواتین نے انہیں کھانے کی دعوت دی، آذربائیجان کی خاتون اُن کے ساتھ ایک کیفے میں چلی گئیں جہاں دعوت دینے والی خواتین کے تین ساتھی پہلے سے موجود تھے۔
کیفے میں کھانا کھانے کے بعد یہ افراد غیر ملکی خاتون کو ایک فلیٹ پر لے گئے، جہاں تینوں مردوں نے اُنہیں مبینہ طور پر نشہ آور چیز پلا کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں ایئرپورٹ کے قریب چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
ایس پی کینٹ عثمان عزیزکے مطابق ’ڈیفنس سی میں آذربائیجان کی شہری خاتون سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی درخواست پر تین نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔‘
انہوں ںے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’ملزمان پر مبینہ طور پر خاتون کو نشہ آور دوا پلا کر زیادتی کرنے کا الزام ہے۔‘
’متاثرہ خاتون کی نشان دہی پر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع سے ملزمان کی شناخت اور تلاش کا عمل جاری ہے۔‘
ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ ’ملزمان کو تلاش کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔‘